ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، آج سے بادل برسیں گے

لاہور (مشرق نیوز) محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی جس کے تحت آج شام سے 17 جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بادل برسیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 12 جولائی کی شام سے ملک میں داخل ہوں گی جو بالائی و وسطی علاقوں میں اثرانداز ہوں گی، بدھ سے 17 جولائی کے دوران آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔ اسکے علاوہ مری، گلیات، اسلام آباد، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، آندھی اور جھکڑ چلنے سے کمزور انفراسٹرکچرکو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔