بھارت نے ستلج میں بھی پانی چھوڑ دیا،ریلہ شکرگڑھ کے سرحدی گاوں میں داخل، فصلیں زیر آب

شکر گڑھ،لاہور،اسلام آباد (بیورورپورٹ،خبر نگار)بھارت نے ستلج میں بھی پانی چھوڑ دیا،سیلابی ریلہ شکرگڑھ کے سرحدی گاوں میں داخل، فصلیں زیر آب،پنجاب رینجرز،ریسکیو نے پھنسے افراد کو بچا لیا۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) کے مطابق بھارت نے ہریکے کے مقام سے 70614 کیوسک پانی دریائے ستلج میں چھوڑا ،ادھر سیلابی ریلہ نیناں کوٹ سے ہوتا ہوا کرتارپور جسر پہنچنا شروع ہوگیا ، اگلے 48 گھنٹوں میں شاہدرہ لاہور پہنچے گا، دریائے راوی، نالہ بئیں و دیگر معاون ندی نالوں میں طغیانی آگئی ،دریائے راوی اور دریائے چناب سے ملحقہ اضلاع میں انتظامیہ الرٹ ہے، سیلاب کے پیش نظر مختلف اضلاع میں ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے۔

پنجاب رینجرز اور ریسکیو 1122 نے شکر گڑھ میں مشترکہ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے دھان کی کاشتکاری کے دوران پھنسنے والے بیشتر افراد کو سیلابی ریلے میں ڈوبنے سے بچایا۔

بھارت کی جانب سے آنے والے سیلابی ریلے کی اطلاع ملتے ہی پنجاب رینجرز ،ریسکیو 1122 نے شکرگڑھ کے سرحدی علاقے میں ریسکیو آپریشن کیا، ریسکیو 1122 ، پنجاب رینجرز کی ریسکیو ٹیموں نے خواتین، بچوں سمیت 223 افراد کو بحفاظت نکالا،سیلابی ریلے میں پھنسے افراد نے ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل ہونے پر ریسکیو ٹیموں کا شکریہ ادا کیا جبکہ مزید کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اب بھی پنجاب رینجرز کی ریسکیو ٹیم متاثرہ علاقے میں موجود ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شکرگڑھ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کے بروقت انخلا اور مدد پر رینجرز ، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی خدمات کو سراہا ،وزیراعظم نے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں لوگوں کی آگاہی اور بروقت و بحفاظت انخلا ءکی تیاریوں کی بھی ہدایت کر دی۔