منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز بری
لاہور (مشرق نیوز) لاہور کی سپیشل کورٹ سینٹرل نے 16 ارب روپے کے منی لانڈرنگ مقدمے میں وزیر اعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز سمیت دیگر کی بریت کی درخواستیں منظورکرتے ہوئے ان سب کو بری کرنے کا حکم دےدیا۔ سلیمان شہباز عدالت کے روبرو پیش ہوئے. ایف آئی اے نے عدالت کی جانب سے پوچھے گئے 27 سوالات کے جوابات جمع کرا دیے۔ فاضل جج نے استفسار کیا کہ منی لانڈرنگ کی انکوائری کس نے کی تھی۔ایف آئی اے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جے آئی ٹی نے انکوائری کی تھی جس کی سربراہی ڈاکٹر رضوان نے کی تھی۔ فاضل عدالت نے سوال کیا کہ ایف آئی اے نے پوری تفتیش میں کسی ایک گواہ کا بیان لکھا ہے؟ جج کے سوال پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسرخاموش ہو گئے۔ عدالت نے مزید استفسار کیا کہ جو لوگ انکوائری اور انوسٹی گیشن میں اپنا موقف تبدیل کرتے رہے انکے خلاف کیا کارروائی کی۔ تفتیشی افسر علی مردان نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ فاضل جج نے سوال کیا کہ ایف آئی اے کے 7 والیم میں کوئی ثبوت ہے ؟ جج بخت فخر بہزاد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایف آئی اے والوں کو ابھی جیل بھیج دوں گا یہ بات یاد رکھیں مجھے جواب چاہیے کہ چالان کے ساتھ جرم کا کیا ثبوت تھا۔ جج سپیشل کورٹ سینٹرل نے پوچھا کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے کدھر ہے جس نے یہ سب کیا ہے۔ وکیل ایف آئی اے نے عدالت کو ہم نے لیٹر لکھا تھا وہ نہیں آئے، ثنااللہ عباسی ڈی جی ایف آئی اے تھے۔ ایف آئی اے کے وکیل نے بتایا کہ سلیمان شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے کوئی ڈائریکٹ شواہد موجود نہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کوئی ان ڈائریکٹ ہے تو وہ ہی بتا دیں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں کارروائی شروع ہوئی تھی تفتیش میں ایف آئی اے نے سلیمان شہباز کے اکاو¿نٹ کی تفصیلات لی تھیں لیکن انکا اکاو¿نٹ استعمال نہیں ہوا۔ عدالت نے سوال کیا کہ تو پھر آپ نے انکے خلاف کیس کیوں بنایا جب انکا اکاو¿نٹ ہی استعمال نہیں ہوا۔ تفتیشی افسر کا موقف تھا کہ سلیمان شہباز کے اکاو¿نٹس میں پیسے جمع ہوتے تھے اور کیش میں نکلتے تھے۔عدالت نے استفسار کیا کہ پیسے جمع ہونا اور نکلنا یہ کون سا جرم ہے۔ جج بخت فخر بہزاد نے ریمارکس دیئے کہ میں نے اسی لیے ایف آئی اے کو بلایا تھا کہ آکر بتائیں اتنے سال کیا یہ ڈرامہ چلتا رہا ہے۔ عدالت نے پوچھا کہ شہزاد اکبر کو ریکارڈ کون دیتا تھا جو پریس کانفرنس کرتے تھے ، 100 بار تو اس نے ادھر پریس کانفرنس کی تھی۔ عدالت نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے سلیمان شہباز سمیت دیگر کو منی لانڈرنگ کیس سے بری کردیا۔

















