ڈیرہ اسماعیل خان (بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہم پی ڈی ایم کا ساتھ تب دیں گے جب یہ اسلامی نظام نافذ کرےگی۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری اور شہباز شریف نے مجھ سے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف عدم اعتماد کیلئے رابطہ کیا تھا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ میں نے آصف زرداری اور شہباز شریف کو جواب دیا کہ ہم پی ڈی ایم کا حصہ نہیں بن سکتے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مرکز میں 13 جماعتوں کی حکومت ہے جو 70 سال سے ملک پر قابض ہیں، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سب کا ایجنڈا آئی ایم ایف کی غلامی ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں عدل و انصاف نہ ہونے کے ذمہ دار حکمراں ہیں۔
ہم پی ڈی ایم کا ساتھ تب دینگے جب یہ اسلامی نظام نافذ کرے گی: سراج الحق

















