لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ گزشتہ 4 سال میں ملک کا جو نقصان ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔ بلال اظہر کیانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال آئین کے مطابق ایک مسلط شدہ وزیراعظم کو ہٹایا گیا، جب ہٹایا گیا تو اس شخص نے امپورٹڈ حکومت کا نعرہ لگایا، اسکو مسلط کرنے کے بعد اسکے منہ میں نوالے بھی ڈالے گئے، اس طرح نظام نہیں چلتے، بھونڈے تجربات کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائفر جیسا جھوٹ لہرایا گیا، آج وہ شخص امریکہ کی منتیں کررہا ہے، امریکہ سے منتیں تم کرو،امپورٹڈ حکومت ہمیں کہو، گزشتہ 4 سال میں معیشت کی تباہی کی گئی، نواز شریف کے دور میں مہنگائی کی شرح محض 3.8 فیصد تھی، پاکستان میں 12ہزارمیگاواٹ سے زائد بجلی کے کارخانے لگے، نوازشریف دور میں ملک سے دہشت گردی ختم کی گئی۔ بلال کیانی نے کہا نواز شریف کے دور میں پاکستان میں بجلی اور روزگار آگیا تھا، ایک ترقی کرتا پاکستان اس مسلط شدہ شخص کو ملا، اس ملک میں جب بھی معاشی گروتھ ہوئی نوازشریف کے دور میں ہوئی، نوازشریف نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا، موجودہ حکومت نے سیاسی اور معاشی استحکام کا سفر طے کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف ہی وہ واحد شخص ہے جو چیلنجز سے نمٹنے کا تجربہ رکھتا ہے، نوازشریف کے ساتھ زیادتی کی گئی، نوازشریف کو ہٹاکر پوری قوم کے ساتھ زیادتی کی گئی، نوازشریف کو ریاست کی ساری مشینری استعمال کرکے ہٹایا گیا، نوازشریف آج سرخرو ہورہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں کہ نوازشریف کے انصاف نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ مسلط کیے گئے شخص کو ترقی یافتہ معیشت ملی تھی، گزشتہ 4 سال میں کروڑوں لوگ بے روزگار کردیئے گئے، گزشتہ حکومت میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لئے گئے، اس شخص کے دور میں مہنگائی کی شرح مسلسل اونچی رہی، اس نے کہا تھا میں خودکشی کرلوں گا، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاو¿ں گا، ان کو آج شرم آنی چاہیے،قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ موجودہ حکومت کی ایک سال کی محنت کی کڑی تھی، پی ٹی آئی والے آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات کا جشن منارہے ہیں، ان کو معافی مانگنی چاہیے ،انہوں نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑا۔
گزشتہ چار سال میں ملک کا جو نقصان ہوا اس کی مثال نہیں ملتی : بلال اظہر کیانی
















