اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کےلئے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، شہبازشریف نے کہا کہ 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے پاکستان، اداروں کےخلاف ہر سازش کچل دیں گے، آرمی چیف، فوج کےخلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سازشی ذہن و عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کےخلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں، شہباز شریف نے کہا شہدا کےخلاف غلیظ میڈیا مہم چلانےوالوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے، وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانےوالوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا فوج، سربراہ کےخلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتی، صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔
شہباز شریف نے کہا قوم گھناونی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائےگی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی، مایوس عناصر کو نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے۔
جبکہ اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا عمران خان آرمی چیف جنرل عاصم منیر کےخلاف مذموم، بدنیتی پر مبنی مہم میں مصروف ہیں، دوسروں کے ذریعے آرمی چیف کو قاتلانہ حملے کی دھمکیاں دینے کا منصوبہ بری طرح بے نقاب ہوگیا، قاتلانہ حملے کی دھمکی دینے کےلئے پراکسیوں کے استعمال کی چال بری طرح بے نقاب ہوچکی، ریاستی علامتوں پر منصوبہ بندی سے حملے ناکام ہونے کے بعد وہ واضح طورپربے چین ہیں۔
وزیراعظم نے کہا انہیں علم نہیں دھمکی، تشدد ،نفرت کی سیاست کا وقت ختم ہوگیا، قابل مذمت حرکات کے ذریعے وہ صرف اپنے آپ کو بے نقاب کر رہے ہیں، مہم کا بنیادی مقصد ذاتی مفاد ،اقتدار پر قبضے کو ہر چیز پر ترجیح دینا ہے۔
شہبازشریف نے کہا پاکستانی عوام اور سیاسی جماعتیں آرمی چیف اور مسلح افواج کے پیچھے چٹان کی طرح کھڑے ہیں، افواج کے وقار، عزت اور سالمیت کو مجروح کرنے کی کسی بھی کوشش اور سازش کو ناکام بنائیں گے۔
علاوہ ازیں اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے مادر ملت فاطمہ جناح کو 56 ویں یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر ملت پیرانہ سالی کے باوجود آمریت کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوئیں ، عوام ، جمہوریت ،ملک کےلئے تاریخی کردار ادا کیا۔ فاطمہ جناح عظیم بھائی کی عظیم بہن تھیں، فاطمہ جناح قوم کےلئے ماں کا درجہ رکھتی ہیں، قوم پر بہت احسانات ہیں، فاطمہ جناح بابائے قوم کے لئے حوصلے و ہمت کا ذریعہ تھیں، قوم ہمیشہ احسانات کی مقروض رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ممتاز صحافی، استاد اور دانشور پروفیسر وارث میر کو بھی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جبر کے سامنے کلمہ حق کہنے والے محب وطن شخص تھے، پروفیسر وارث میر سچ لکھنے والے قلم اور حق گوئی کے وارث تھے، حق گوئی کی روایت بہادر بیٹے آگے بڑھا رہے ہیں، وارث میر اپنے ضمیر اور تاریخ کی عدالت میں سرخرو ہوئے ۔
آرمی چیف پرقاتلانہ حملہ مہم کی مذمت،پاکستان،اداروں کیخلاف ہر سازش کچل دینگے،وزیراعظم
















