آئی ایم ایف معاہدے سے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (مشرق نیوز) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے 9 ماہ کیلئے ایک معاہدہ ہوا جس سے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا، سوال یہ ہے ؟ کیا یہ ایک حل ہے، چند ماہ بعد کیا ہوگا؟ ہمیں اس کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، سیاسی، قانونی اور پرامن طریقے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، سویڈن واقعہ پر عالم اسلام میں اضطراب ہے، ایک ارب سے زائد مسلمانوں کی دلآزاری کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی حکومت میں اسلاموفوبیا کی نشاندہی کی تھی، ہم نے اقوام متحدہ میں بھی آواز اٹھائی، فیصلہ ہوا 15مارچ کو اسلاموفوبیا کےخلاف پوری دنیا میں یک زبان ہو کر بات کی جائےگی، مذمتی قرار داد ناکافی ہے، ہمیں سوچنا ہوگا اس عمل پر انٹرنیشنل قانون کیا کہتا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حدودو قیود کا تعین ہونا چاہیے، میں اظہار رائے کا خواہش مند ہوں، جو کسی کی جان کو خطرے سے دوچار کردے وہ کس قسم کا اظہا ر رائے ہے، پوری قوم کو یکجا ہونا چاہیے، پرامن طور پر جمعہ کی نماز کے بعد اظہار کرنا چاہیے، ہم پرامن لوگ ہیں، لیکن اس کا کوئی متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے۔