اسلام آباد (مشر ق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کو آئی ایم ایف سے ہوئے معاہدے پر اعتماد میں لیا جائےگا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دن 3 بجے ہو گا۔ کابینہ اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا جائےگا، آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی معاہدے کے متعلق ارکان کو اعتماد میں لیا جائےگا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈا زیرغور آئےگا، افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع اس ایجنڈے کا حصہ ہے۔ افغان مہاجرین کے قیام کی 2 سال کی توسیع 30 جون کو ختم ہو گئی تھی، وزارتِ داخلہ نے افغان مہاجرین کے قیام میں 6 ماہ کی توسیع کی تجویز دی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں ایچ ای سی ترمیمی بل اور قومی اسپورٹس کی 5 سال کی پالیسی کی منظوری کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف سے معاہدہ، وفاقی کابینہ کو آج اعتماد میں لیا جائےگا

















