ملتان(پینانیوز)سابق وزیراعظم و سینئر وائس چیئرمین پیپلزپارٹی سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی ہو گی۔کارکن الیکشن کی تیاریاں جاری رکھیں۔ تمام حلقوں میں امیدوار پارٹی سرگرمیاں بھرپور انداز سے جاری رکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے رکن و امیدوار این اے 156 و پی پی 217 ملک ارشد اقبال بھٹہ سے گیلانی ہاوس میںملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے ہمیشہ عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے اور اب بھی کریں گے۔پیپلزپارٹی نے ماضی میں نوکریاں دیں، روزگار دیا، نوجوانوں کو کاروبار کیلئے بلاسود قرض دیئے،کسانوں کو سستی کھاد اور بیج دیا اور اب سے بڑھ کر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں، اقتدار میں آکر مشکل وقت میں قربانیاں دینے والے پارٹی کارکنان کو ان کا جائز مقام دیں گے۔انہوں نے آئی اہم ایف سے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستانی معیشت کو سہارا ملیگا اور ملکی حالات میں بہتری آئیگی۔سید یوسف رضا گیلانی نے ملک ارشد اقبال بھٹہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے آرٹیکلز، کالم اور تحریریں پڑھتا رہتا ہوں۔ ہمیں خوشی ہے کہ پیپلزپارٹی میں آپ جیسے انٹلیکچوئلز موجود ہیں جو پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی کے استفسار پر ملک ارشد اقبال بھٹہ نے بتایا کہ ان کے کالموں کی کتاب ''حرف آرش'' تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور سید یوسف رضا گیلانی کتاب کی رونمائی فرمائیں گے جس پر سید یوسف رضا گیلانی نے تقریب میں شرکت کا وعدہ کیا۔
آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی ہو گی،کارکن الیکشن کی تیاریاں جاری رکھیں:یوسف رضا گیلانی

















