لاہو ر(کامرس رپورٹر) کنزیومر پروٹیکشن کونسل صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں بہت سے اقدامات اٹھارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے ڈائریکٹر محمود احمد بھٹی نے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ محمود احمد بھٹی نے کہا کہ کونسل مصنوعات کے معیار کو یقینی اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صارفین کو کسی پروڈکٹ سے کوئی مسئلہ ہے تو وہ مدد کیلئے کنزیومرپروٹیکشن کونسل سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ معاملات کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے دائرہ کار سے باہر ہیںجن میں عدالتی فیصلے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محدود کے باوجود کنزیومر پروٹیکشن کونسل اپنے مشن کے حصول کیلئے پرعزم ہے اور اس نے اپنی خدمات کو وقت دینے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھکر، لیہ، منڈی بہاو¿الدین، اور ملتان میں چار غیر فعال کونسلوں کو فعال کیا گیا ہے۔ مزید برآں، کونسل نے کنزیومر کال سینٹرز قائم کیے ہیں اور صارفین کو موثر مدد فراہم کرنے کیلئے ایک خودکار ویب سائٹ تیار کی ہے۔انہوں نے صارفین کے حقوق اور سی پی سی کے کردار کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے لاہور چیمبر کےساتھ ملکر سیمینارز منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہمیشہ سے کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کیلئے پرعزم رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنزیومر پروٹیکشن کونسل پنجاب صوبے بھر میں صارفین کے حقوق اور مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور اس کی اہمیت مسلمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزرتے وقت کے ساتھ صارفین کی توقعات تیزی سے تبدیل ہورہی ہیں اور کاروباری شعبہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ خود کو ان توقعات کے مطابق ڈھالیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے ساتھ ملکر ایسے اقدامات اٹھانے کو تیا رہے جو صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجر برادری کے مفادات کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہا ہے۔
لاہور چیمبر کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے: کاشف انور


















