لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین گلبرگ لاہور میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں عدم برداشت بڑھتی جا رہی ہے جسے روکنے کیلئے اساتذہ اہم ترین کردار ادا کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین گلبرگ لاہور میں برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی پی ائی کالجز پنجاب ڈاکٹر سید انصر اظہر ، ڈائریکٹر کالجز لاہور ڈویژن ڈاکٹر زاہد میاں، پرنسپل کالج ڈاکٹر نگہت ناہید، سابقہ ایم ہی اے سلمیٰ بٹ اور مسلم لیگ (ن) ٹیچر ونگ کے کوآرڈینیٹر مزمل محمود سمیت طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب ڈاکٹر بلیغ الرحمن نے بطور مہمان اعزاز سیمینار میں شرکت کی۔ کالج پہنچنے پر پرنسپل اور طالبات کی جانب سے ڈی پی آئی کالجز پنجاب ڈاکٹر سید انصر اظہر ، ڈائریکٹر کالجز لاہور ڈویژن ڈاکٹر زاہد میاں کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ مہمان خصوصی گورنر پنجاب کی آمد پر طالبات کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دن بدن ہمارے معاشرے میں عدم برداشت بڑھتی جا رہی ہے جس کی اہم ترین وجہ یہ ہے کہ ہم دوسروں کو سمجھنے اور سننے کو تیار ہی نہیں۔ ہم نے اس معاشرے کو مذہب ، سیاست اور سوچ کی بنیاد پر تقسیم کردیا ہے۔ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جو عدم برداشت اور منافرت سے پاک ہو اور اس کیلئے ہمیں اسلام کے بتائے ہوئے رہنما اصولوں سے مدد لینے کی ضرورت ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اساتذہ اہم کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ قوم کا مستقبل انکے ہاتھوں میں ہے۔ ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر انصر اظہر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ معاشرے میں برداشت اور روادری کے فروغ کیلئے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے احکامات کے تحت سیمینار کا یہ سلسلہ پنجاب بھر کے کالجز میں جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ اسکے مثبت اثرات برآمد ہوں گے۔ اس موقع پر بہترین انتظامات کرنے پر ڈائریکٹر لاہور کالجز ڈاکٹر زاہد میاں نے پرنسپل ڈاکٹر نگہت ناہید کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا۔ انکا کہنا تھا کہ پبلک سیکٹرکالجز کا ماحول بہتر سے بہتر تر ہوتا جا رہا ہے جو کہ نہایت خوش آئند بات ہے۔ پرنسپل ڈاکٹر ناہید نگہت کی جانب سے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا گیا اور انکو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔
ہمارے معاشرے میں عدم برداشت دن بدن بڑھتی جا رہی ہے :گورنر پنجاب

















