وزیراعظم شہبازشریف کی آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات، مالیاتی معاہدے پر بات چیت

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے فرانس میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ملاقات کی جس میں معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانس میں منعقد ہونے والے نئے عالمی مالیاتی معاہدے کیلئے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگراموں اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امید ہے آئی ایم ایف کے ای ایف ایف کے تحت مختص فنڈز جلد از جلد جاری کر دئیے جائیں گے، اس سے پاکستان کی معاشی استحکام کیلئے جاری کوششوں کو تقویت ملے گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے جائزہ لینے کے جاری عمل پر اپنے ادارے کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملاقات نے اس تناظر میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینے کا ایک مفید موقع فراہم کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے برونیاغ پیلس پہنچ گئے۔ فرانسیسی صدر میکرون کی صدارت میں ہونے والے سمٹ میں 50 سے زیادہ سربراہان مملکت شرکت کر رہے ہیں، سمٹ کے دوران ہونے وزیر اعظم اپنے خیالات کا اظہار بھی کریں گے، دو روزہ سمٹ کا اختتام کل 23 جون کو ہوگا۔