لاہور (کورٹ رپورٹر،سپیشل رپورٹر)پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کر لی گئی،اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا اعوان نے پرویز الٰہی کی ضمانت بعد از گرفتاری درخواست پر سماعت کی، اینٹی کرپشن کی جانب سے پراسیکیوٹر عبدالصمد نے دلائل مکمل کئے، پرویز الٰہی کی جانب سے ایڈووکیٹ رانا انتظار نے دلائل دیئے۔
پراسیکیوٹر نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے مو¿قف اپنایا پرویز الٰہی مقدمے میں براہ راست ملزم ہیں ،درخواست ضمانت خارج کی جائے،عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہاپرویز الٰہی کی 10 لاکھ کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی۔
دریں اثنامونس،پرویزالٰہی کی پانامہ سکینڈل میں آف کمپنیاں بھی سامنے آگئیں،ایف آئی اے نے سابق وزیراعلیٰ اور بیٹے مونس الٰہی سمیت دیگر کےخلاف منی لانڈرنگ کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا ،ایف آئی آر کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے پانامہ سکینڈل کے راستے مبینہ کروڑوں روپے اکٹھے کرکے بیرون ملک منتقل کیے۔
پرویز الٰہی و دیگر نے مبینہ منی لانڈرنگ ،حوالہ ہنڈی کیلئے پانامہ میں کمپنیوں کا استعمال کیا، پرویز الٰہی نے سرکاری عہدوں کا استعمال کرتے ہوئے مالی فوائد حاصل کئے،پرویز الٰہی و دیگر کےخلاف درج مقدمے میں 2010 و دیگر دفعات بھی شامل ہیں۔
پرویز الٰہی کی ضمانت منظور،آف شور کمپنیوں کاانکشاف،منی لانڈرنگ کامقدمہ درج
















