اسلام آباد،وہاڑی،گجرات(بیورورپورٹ)یونان کشتی حادثے میںملوث مرکزی ملزم گرفتار، انسانی سمگلرز کےخلاف ملک گیر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا فیصلہ کرلیا گیا،پولیس کے مطابق سانحہ کے مرکزی ملزم انسانی سمگلر ممتاز آرائیں کو وہاڑی سے گرفتار کیا گیا۔
شریک ملزم اسلم کا موبائل فون ،اہم دستاویزات، موبائل ڈیٹا و دیگر شواہدبھی برآمد کرلیے گئے۔
ادھر انسانی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار ملزم طلحہ شاہ زیب کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا،ایف آئی اے نے غیر قانونی طریقے سے شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کے الزام میں گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کیا،ایف آئی اے نے کہا ملزم غیر قانونی طریقے سے شہریوں کو بیرون ملک بھیجتا ہے، ملزم سے شہریوں کی35 لاکھ کی رقم برآمد کرنی ہے، شریک ملزموں کو بھی گرفتار کرنا مقصود ہے،عدالت نے ریمانڈ کی درخواست منظور کرلی۔
دوسری جانب ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن بٹ کی زیر صدارت انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کا ساتواں اجلاس ہوا،اجلاس میں انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ملک بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کرنے اور غیر رجسٹرڈ ایمپلائمنٹ پروموٹرز کےخلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس کے شرکاءنے یونان کشتی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے ایجنٹوں و انسانی سمگلروں کا مرکزی ڈیٹا بیس تیار کرنے پر زور دیا، ڈی جی ایف آئی اے نے کہا خطے سے انسانی سمگلنگ کا خاتمہ بین الاقوامی تعاون کے بغیر ناممکن ہے،اجلاس میں انسانی سمگلنگ کی روک تھام کےلئے الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر آگاہی مہم شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
یونان کشتی حادثے میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار، انسانی سمگلرز کےخلاف ملک گیر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا فیصلہ

















