کمشنر ساہیوال کی زیرصدارت اجلاس،سیوریج لائن بچھانے کے کام میں تعطل پر اظہار برہمی

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت پسپ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس، مڈھالی روڈ پر سیوریج پائپ بچھانے کا کام تعطل کا شکار ہونے پر اظہار ناراضگی، عوام کی مشکلات کو دور کرنے کےلئے مقررہ ٹائم لائن میں سڑک پر کام مکمل کیا جائے، کمشنر کی سختی سے ہدایت۔ کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اسسٹنٹ کمشنر جنرل علیزہ ریحان،چیف آفیسر اشفاق احمد، میونسپل آفیسر غلام عباس، پسپ کے انفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے دیپالپور بازار سے ہر طرح کی تجاوزات کا مستقل خاتمہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس مصروف بازار میں عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر روزانہ کی بنیاد پر کاروائی جاری رکھی جائے اور ضبط کئے گئے سامان کو ان کی منظوری کے بغیر واپس نہ کیا جائے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے زیر تعمیر ہائی سٹریٹ اور فتح شیر روڈ پر دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے دینے اور ریلوے روڈ سے سپیڈ بریکرز ہٹانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فریدیہ پارک روڈ اور کچا پکا نورشاہ روڈ پر مرمت کا کام جاری ہے جس پر کمشنر نے ہدایت کی کہ صرف کھدائی کئے گئے حصے کی بجائے پوری سڑک کی مرمت کی جائے۔ انہوں نے پی ایچ اے اور محکمہ ہائی وے کو جھال روڈ پر شجرکاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔