کراچی (مشرق نیوز) بحریہ عرب میں موجود طوفان بائپر جوائے مزید شدت اختیار کر گیا، سمندری طوفان 15 جون کو کیٹی بندر سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے کراچی سے 600 کلو میٹردور جنوب میں موجود ہے، طوفان شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، بائپر جوائے ٹھٹھہ سے 580 کلومیٹر جنوب، اورماڑہ سے 720 کلومیٹر جنوب مشرق میں ہے۔ سردار سرفراز کے مطابق بائپر جوائے میں مزید شدت آگئی ہے، طوفان کا یہ سسٹم شمال کی جانب بڑھتا رہے گا، سسٹم کے مرکز میں ہواو¿ں کی رفتار 220 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، سسٹم کے مرکز اور اطراف میں لہریں 40 فٹ بلند ہو رہی ہیں۔ محکمہ کے مطابق طوفان کے اثرات کے نتیجے میں کراچی میں 13 جون سے 16 جون کے درمیان گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور آندھی کا امکان ہے، حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، میرپور خاص میں بھی 13 سے 16 جون کے درمیان تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،13 سے 17 جون کو ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ آندھی کا امکان ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ اداروں کو مقامی زبان میں سمندری طوفان سے متعلق آگاہی مہم کی ہدایت کی گئی ہے۔
سمندری طوفان کراچی سے 600 کلو میٹر دور، ادارے ہائی الرٹ، سی ویو روڈ بند

















