لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) گورنرپنجاب /چانسلر پنجاب یونیورسٹی بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں نفرت انگیز مواد کے خاتمے، برداشت کے کلچر کے فروغ اور طلباءو طالبات کی کردار سازی کےلئے اساتذہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سینیٹ کے 359 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود،رجسٹرار تسنیم کامران، ممبران سنڈیکیٹ ، صدور شعبہ جات اور پروفیسرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ طلباءکی تعلیم و تربیت کے ساتھ کردار سازی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تلقین کرنی ہے کہ انہیں ایمانداری ، اخلاقیات اور سچائی کو زندگی کے ہر شعبے میں اپنانا ہوگاتبھی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرت ، مایوسی اور بری باتوں کی بجائے ایک دوسرے کی اچھائیوں کو ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی نفرت پر مبنی خیالات اجاگر کرنے کی اجازت نہیں لیکن ہماری نوجوان نسل کو بعض معاملات میں غلط تاثر دیا گیا کہ وہ صحیح ہیں اور باقی سب غلط ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں میں برداشت کے کلچر کو فروغ اور ایک دوسرے کی رائے کا احترام سکھاناوقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست کے فروغ کے باعث بچے اتنے آگے نکل گئے کہ انہوں نے نشان حیدر پانے والے شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی کی اورمدینہ منورہ جیسے پاک شہر میں بھی مخالفین کے خلاف نفرت آمیز نعرے بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی قوم کو ناکام کرنا ہو تواس کی اگلی نسل میں مایوسی پھیلانا دشمن کا ایجنڈا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی اہمیت بڑھنے سے اس کے استعمال میں بھی احتیاط برتنا ہوگی اور بنا تحقیق کے کوئی بھی پوسٹ آگے فارورڈنہ کرنے بارے آگاہی فراہم کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی خطے کی بڑی اور قدیم جامعہ ہے جہاں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کئے جانے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی کےلئے اس کی خوبیوں اور خامیوں کا معلوم ہونا چاہیے تاکہ معاملات میں بہتری لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو اپنے مالی مسائل سے نمٹنے کےلئے مختلف اقدامات بھی اپنانے ہوں گے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کو ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کا مقصد نئے علوم کی تخلیق اور ریسرچ کو فروغ دینا ہے جس کےلئے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کی بہتری کےلئے سرمایہ کاری ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو چاہیے کہ ضرورتمند طلباءکیلئے زکوٰة فنڈ قائم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو اپنے فارغ التحصیل طلباءکے ساتھ گہرا رابطہ رکھنا چاہئے اور ان کی کامیابیوں کو سرکاری سطح پر سراہا جانا چاہئے اور ایلومینائی انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جانا چاہیے جس سے غریب طلباءو طالبات کو سکالرشپ فراہم کی جائے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے پنجاب یونیورسٹی میں جاری تعلیمی ، تعمیری و تحقیقی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی بجٹ کا 73 فیصداپنے وسائل سے حاصل کرتی ہے اور صرف 27 فیصد حکومت سے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو اس وقت مالی مسائل کا سامنا ہے جس کیلئے مرکزی وصوبائی حکومتوں سے فنڈنگ درکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اتنے کم وسائل کے باوجود پنجاب یونیورسٹی اپنے آن کیمپس 52 ہزار طلباﺅطالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ بہترین ٹرانسپورٹ، انٹرنیٹ اور ساڑھے آٹھ ہزار طلباءکو رہائشی سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے گیارہ سو سے زائد اساتذہ ہیں جن میں زیادہ تر ٹاپ کی یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اتنے کم وسائل کے باوجود پانچ سالوں میں کیو ایس ایشیا رینکنگ میں 232 ویں نمبر سے 140 ویں نمبر آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہمارے تین مضامین عالمی رینکنگ میں شامل تھے لیکن اب ان کی تعداد 14 ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی کا علم و ادب کے فروغ میں کردار ناقابل فراموش ہے بلکہ ہمارے طلباءقائد اعظم کی قیادت میں تحریک پاکستان کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ اجلاس میں سنڈیکٹ و اکیڈمک کونسل کی سفارشات پر مبنی مختلف ایجنڈا آئٹمز پر بحث کے بعد معمولی ترامیم کے ساتھ منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی کے گریڈ ایک سے گریڈ19 تک کے ملازمین و اساتذہ کے لئے 15فیصد خصوصی الاﺅنس کی بھی منظوری دی گئی۔
طلبہ کی کردار سازی کےلئے اساتذہ بھرپور کردار ادا کریں :گورنر پنجاب

















