چیئر مین پی سی بی کا عہدہ ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) آمنے سامنے
اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعیناتی کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے آگئیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ کھیلوں کی وزارت ہمارے پاس ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کا تعلق کھیلوں کی وزارت سے ہے تو پی سی بی کا سربراہ بھی ہمارا آدمی ہونا چاہیے نہ کہ نجم سیٹھی کو، پیپلز پارٹی نجم سیٹھی کی جگہ ذکا اشرف کو لانا چاہتی ہے لیکن نواز شریف چاہتے ہیں کہ نجم سیٹھی کو نہ چھیڑا جائے۔ٹی وی پروگرام میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور وفاقی وزیر خرم دستگیر نے دونوں جماعتوں میں اختلافات کے تاثر کو مستردکیا۔خرم دستگیرکے مطابق یہ اندرونی معاملات ہوسکتے ہیں لیکن ہمارے اتحادیوں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور ہماری اچھی ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے۔ادھر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے کہاکہ جب اتحادی حکومت قائم ہوئی تھی تو قائدین کے درمیان طے ہوا تھا کہ جس پارٹی کو جو وزارت ملے گی اس سے متعلقہ اداروں میں وہ اپنے لوگ نامزد کریں گے، چونکہ بین الصوبائی رابطہ کی وزارت پیپلز پارٹی کے پاس ہے تو چیئرمین پی سی بی بھی پیپلز پارٹی کا نامزد کردہ ہوگا۔احسان مزاری نے کہا کہ ذکا اشرف پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین پی سی بی کے امیدوار ہیں۔

















