انسانی سمگلنگ سنگین جرم ،بچوں کی زندگی تباہ ہو جاتی ہے،سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)تمام صوبائی حکومتوں سے بچوں کی سمگلنگ کے سدباب کیلئے اقدامات پر جواب طلب جبکہ عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دئیے انسانی سمگلنگ سنگین جرم ،بچوں کی زندگی تباہ ہو جاتی ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی،عدالت نے بچوں کے حقوق کیلئے قائم کمیشن کو نوٹس جاری کرکے نمائندے کو آئندہ سماعت پر عدالت کی معاونت کا حکم دےدیا، سپریم کورٹ نے ایس او ایس ولیج سے بھی معاونت طلب کر لی۔

عدالت عظمیٰ نے کہابچوں کی سمگلنگ کا معاملہ ایسا نہیں صرف پولیس پر چھوڑا جائے،بچوں کی سمگلنگ کے معاملے کو وسیع تناظر میں دیکھنا ہو گا، پاکستان میں انسانی سمگلنگ سنگین جرم ہے،چیف جسٹس نے کہاانسانی اعضا کی سمگلنگ سے بچوں کی زندگی تباہ ہو جاتی ہے، افریقہ میں اعضا کی سمگلنگ کو بےبی فارمنگ کا نام دیا جاتا ہے۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے کہااصل معاملہ اچھی طرز حکمرانی کا ہے،جسٹس عائشہ ملک نے کہاپاکستان میں سمگلنگ ،بچوں کے تحفظ کے قوانین تو بہت اچھے ہیں لیکن عملدرآمد اصل مسئلہ ہے، عدالت عظمیٰ نے تمام صوبائی حکومتوں سے بچوں کی سمگلنگ کے سدباب کیلئے اقدامات پر جواب طلب کرکے طیبہ تشدد کیس نمٹا دیا ۔