اسلام آباد(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پی ٹی آئی نے ریاست پر حملہ کیا،9 مئی کے مجرموں کیخلاف کریک ڈاﺅن میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوگی،مجرموں سے قانون کے تحت نمٹا جائے گا،ملکی معاشی سلامتی کیلئے حکمران اتحاد کی کاوشوں کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی،آئندہ مالی سال معاشی ترقی کا ہوگا،بجٹ کا محور عوامی فلاح،کاروبار دوست پالیسیاں،نوجوانوں کے روز گار کیلئے 950ارب مختص کرینگے،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے 9مئی کے بعد کے واقعات کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی احتجاج کے حق کو سلب کرنے کے طور پر ان کی وضاحت نہ صرف گمراہ کن ہے اس کا مقصد ملک سے باہر رائے سازوں کو جوڑ توڑ اور ان پر دباو¿ ڈالنا ہے،انہوں نے کہا میں سیاق و سباق کو درست کرتا ہوں ان کی پارٹی نے 9مئی کو جو کیا وہ ریاست پاکستان پر ایک ڈھٹائی سے حملہ تھا، جس میں مذموم ارادے اور مذموم مقاصد تھے، دنیا کا کوئی بھی ملک اپنی سالمیت کو تباہ کرنے کی ایسی کوشش کو برداشت نہیں کرے گا،شہباز شریف نے کہامیں سب کو یقین دلاتا ہوں مجرموں سے قانون کے تحت نمٹا جائے گا، میں اس بات کو یقینی بناوں گا حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو،وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہر معاملے میں قانون کے تحت مناسب طریقے سے نمٹایا جائے گا، پاکستان انسانی حقوق سے متعلق اپنی تمام آئینی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کا مکمل احترام اور پابند ہے،علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کےلئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے لیے اجلاس طلب کیا،وزیراعظم نے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کہا آئندہ مالی سال میں شرح نمو اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے پی ایس ڈی پی کے حجم کو 700سے بڑھا کر 950ارب روپے کیا جا رہا ہے، آئندہ مالی سال پاکستان کیلئے معاشی ترقی کا سال ہوگا،انہوں نے کہا بجٹ میں حکومت مشکل معاشی صورتحال کے باوجود موجود وسائل کو بہترین طریقے سے بروئے کار لانے کی پالیسی اپنارہی ہے، بجٹ 2023-24میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی ترقی و تعمیر نو کیلئے بھی خطیر رقم مختص کی جائے گی،وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی معاشی تباہی کے باوجود حکومت کی محنت سے ملک میں معاشی استحکام آیا، ہر حکومتی اقدام میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت اور دلچسپی حکومت کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ گزشتہ ایک سال میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 13 جما عتو ں نے اپنی سیاست کو دا پر لگا کر ریاست کو بچایا، ملک کی معاشی سلامتی کے لیے کاوشوں کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، ان ہی اقدامات اور تعاون کی بدولت پاکستان معاشی تباہی اور انتشار پھیلانے والے عناصر سے پاک ہوگیا،قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف سے صدر جمعیت علماءاسلام وسربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن اور وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود نے ملاقات کی، اس موقع پر بجٹ پر مشاورت اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
پی ٹی آئی نے ریاست پر حملہ کیا: وزیراعظم شہبازشریف

















