بجٹ میں عوامی فلاح وبہبود اور سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ دی جائےگی:اسحاق ڈار

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ تاجر اور کاروبار دوست بجٹ ہوگا، بجٹ میں عوامی فلاح وبہبود اور سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ دی جائے گی،ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا حکومت گنجائش کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی، معاشی مشکلات کے باوجود حکومت نے ایک ماہ سے کم مدت میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو مرتبہ کمی کی ہے، ایل پی جی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی ہے جس سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پائیدار نمو اور اقتصادی اہداف حاصل کرنے کیلئے حکومت طویل المدتی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی توجہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی پر ہے ، ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، بجٹ کو عوامی امنگوں کے مطابق بنانے کی کوشش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے اور کوشش ہوگی کہ بزنس کمیونٹی پر اضافہ بوجھ نہ ڈالا جائے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت گزشتہ حکومت کی طرف سے پیدا کردہ اقتصادی مشکلات اور چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ گزشتہ ساڑھے برسوں میں ملک کی 24 ویں بڑی معیشت کو 47 ویں نمبر پر پہنچا دیا گیا، 2017ءمیں پاکستان کے جی 20 میں شمولیت کی باتیں ہو رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اقتصادی مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام شراکت داروں کو ساتھ لے کر چلیں گے،قبل ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان سٹاک ایکسچینج اور میوچل فنڈز ایسو سی ایشن کے مشترکہ وفد نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی نمائندگی اس کے منیجنگ ڈائریکٹر، چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ حسین اور چیف فنانشل آفیسر احمد علی نے کی جبکہ میوچل فنڈز کی نمائندگی میر عادل اور عارف قادری نے کی،ملاقات کے دوران وزیر خزانہ کے ہمراہ وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن کے چیئرمین اشفاق تولہ،چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور وزارت خزانہ اور ریونیو ڈویڑن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد بھی اس ملاقات میں شریک تھے،ملاقات میں میوچل فنڈز ایسو سی ایشن کے نمائندوں نے شریعت سے مطابقت رکھنے والے میوچل فنڈزکی گروتھ پر روشنی ڈالی اور تجویز پیش کی کہ شریعت سے مطابقت رکھنے والا شارٹ ٹرم سکوک متعارف کرایا جائے۔انہوں نے آئندہ بجٹ میں میوچل فنڈز کے فروغ کے لئے چند اقدامات بھی تجویز کئے،پاکستان سٹاک ایکسچینج کے نمائندوں نے گذشتہ چھ برس کے دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں ہونے والی کمی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سٹاک مارکیٹ ایک ڈاکومنٹڈ سگمنٹ ہے اور قومی خزانہ میں اس کا بڑا حصہ ہے۔ انہوں نے لوگوں کو سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے کے لئے کچھ تجاویز بھی پیش کیں،وزیر خزانہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے انڈیکس میں کمی پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی کارکردگی بہت بہتر تھی۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی مسائل کا ازالہ کیا جائے گا اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج اس رجحان کو تبدیل کرکے ایک بار پھر اس خطے کی بہترین کارکردگی والی سٹاک مارکیٹ میں شامل ہوگی۔