مہنگائی کااعتراف،ڈیفالٹ کی تاریخیں دینے والے شرم کریں،اسحاق ڈار

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مہنگائی کااعتراف کرتے ہوئے کہاہے ایک رو زمیں سارے مسائل حل نہیں ہوسکتے، وقت درکار ہے،بہت مشکل اصلاحات ہوچکیں ،آئی ایم ایف معاہدے کی تاخیر میں کوئی تکنیکی وجہ نہیں،کچھ لوگوں کو شوق ہے ڈیفالٹ کی تاریخیں دیتے رہتے ہیں شرم آنی چاہیے، بجائے لوگوں کو امید اور تسلی دینے کے تاریخیں دے رہے ہیں،ملک میں سیاسی عدم استحکام سب سے نقصان دہ چیز ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا جلد معیشت سمیت دیگر معاملات بہترہوں گے،پاکستانی معیشت مشکل سے دوچار ہے مگر بہتر ی کی امیدہے،معاشی اصلاحات پر بہت کام کیا،سیاسی عدم استحکام نقصان کی بڑی وجہ بنی،سوئچ آن آف کرنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوتی۔

انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا مہنگائی سے عوام پر بوجھ پڑا،فیصلہ ہوا تھاسیاست کو بھلے نقصان ہوجائے مگر حکومت سنبھا لنی ہے،کوشش ہے کئے گئے وعدے پورے کریں، کچھ لوگوں کوملک کے دیوالیہ ہونے کاشوق ہے لیکن ایسا نہیں ہوگاتاریخیں دینے والوں کو شرم آ نی چاہیے،پاکستان نے تمام بیرونی ادائیگیوں کویقینی بنایا ،کسی قسم کی ادائیگی میں کوئی تاخیرنہیں کی گئی، پاکستان خودمختارملک ہے اگرقرضہ ہے توایک ٹریلین ڈالر سے زیادہ کے اثاثے ہیں،ملکی معیشت کوپائیدارنمو واستحکام کی راہ پرگامزن کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، کوشش ہے عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔

دریں اثناوزیر خزانہ اسحاق ڈار سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی، سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد بھی ملاقات میں شریک تھے، وفد نے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل خاص طور پر سٹیٹ بینک کی طرف سے درآمدات پر عائد پابندیوں پر روشنی ڈالی،وزیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک نے وفد کو یقین دلایا مسائل حل کریں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا حکومت معیشت کو مستحکم کرنے اور بزنسز کو فروغ دینے کےلئے آئندہ بجٹ میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے دی گئی تجاویز کو شامل کرے گی،وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان بزنس کونسل اور اوور سیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا مشترکہ وفد بھی ملا،وزیر خزانہ نے مشترکہ وفد کو یقین دلایا حکومت بزنسز کے فروغ میں مدد کرے گی اور سرمایہ کاری کےلئے سازگار ماحول فراہم کرے گی،حکومت بزنس کمیونٹی ،سرمایہ کاروں کی پاکستانی معیشت کےلئے خدمات کو اہمیت دیتی ہے،قیمتی تجاویز کو آئندہ بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔