آڈیو لیکس کمیشن کابھی سپریم کورٹ کے بنچ پر اعتراض

اسلام آباد (بیورورپورٹ)جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم 3رکنی انکوائری کمیشن نے بھی سپریم کورٹ کے بنچ پر اعتراض اٹھادیا،سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں سیکرٹری انکوائری کمیشن نے کہاآئینی درخواستیں قابل سماعت نہیں۔

انکوائری کمیشن نے 5رکنی بنچ کی تشکیل کے طریقہ کار پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا بنچ کی تشکیل کا معاملہ ججز کمیٹی کے سامنے نہیں رکھا گیا، بہتر ہوگا ججزکمیٹی کی جانب سے بنچ کی تشکیل تک 5رکنی بنچ سماعت موخر کردے،کمیشن کو سنے بغیر کارروائی روک دی گئی، مبینہ آڈیولیکس کے دیگر افراد نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی نہ ہی کمیشن پر اعتراض اٹھایا، کمیشن نے آرٹیکل 209پر اپنا موقف پہلے اجلاس میں واضح کردیا تھا، واضح کیاتھا کمیشن کی کارروائی کو سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی نہ سمجھا جائے۔

جواب میں کہا گیا صدر سپریم کورٹ بار نے آڈیو لیک کمیشن کےخلاف درخواست دائر کی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5رکنی بنچ کیس نہ سنے،کوئی جج ذاتی مفادات کاکیس نہیں سن سکتا،انکوائری کمیشن نے کہاکمیشن کو آڈیو لیکس کی انکوائری میں کوئی ذاتی دلچسپی نہیں،کمیشن کو ذمہ داری قانون کے تحت دی گئی، کمیشن آئین و قانون کے مطابق اپنی ذمہ داری پوری کرےگا۔

کمیشن یقین دلاتا ہے فریقین کے اٹھائے گئے اعتراضات کو سنا ،غور کیا جائےگا، صحافی قیوم صدیقی ،خواجہ طارق رحیم کمیشن میں پیش ہونے کےلئے تیار ہیں، ججز کا حلف ہے آئین و قانون کے مطابق فرائض ادا کریں گے،پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کےخلاف 6درخواست گزاروں بشمول خواجہ طارق رحیم نے بھی درخواست داخل کی، رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگائے درخواستیں 184/3 کے تحت قابل سماعت نہیں، رجسٹرار آفس کے اعتراضات کےخلاف چیمبر اپیل کی سماعت کیے بغیر مقدمہ 8رکنی بنچ کے سامنے مقرر کیا گیا،8رکنی بنچ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے قانون پر حکم امتناع جاری کردیا،کمیشن نے کہاعوام کا پیسہ بچانے کےلئے اپنا وکیل نہیں کر رہے، درخواست ہے سیکرٹری کے ذریعے کھلی عدالت میں جواب پڑھ کر سنایا جائے، کمیشن عدالت کو یقین دلاتا ہے کارروائی میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔


دریں اثنا سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے آڈیو لیکس کمیشن کیس میں ججز پر اعتراضات کی وفاقی حکومت کی درخواست واپس کردی اورہدایت کی درخواست کرنی ہو توکھلی عدالت میں کریں۔

ادھر چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں آڈیولیکس انکوائری کمیشن کےخلاف عمران خان سمیت دیگرکی درخواستوں پرسماعت ہوئی،چیف جسٹس نے کہا ہمارے پاس موجودہ کیس میں کچھ درخواستیں آئی ہیں ،کیس میں شامل کرلیں گے،اٹارنی جنرل کی درخواست پر پہلے سماعت کریں گے اور بنچ پر اعتراض کے معاملے پر اٹارنی جنرل کے دلائل سنیں گے،چیف جسٹس نے کہابنچ پر اعتراض پر گزشتہ سماعت میں فیصلہ نہیں کیا تھا اب نئی درخواستوں پر اگلے ہفتے دلائل سن لیں گے،بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

دوسر ی جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیولیک تحقیقات کےلئے قائم خصوصی کمیٹی کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کےخلاف کارروائی سے روک دیا،سماعت کے دوران جسٹس بابر ستار نے سوال کیا کیا سپیشل کمیٹی ہے؟ وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیا سپیشل کمیٹی کےلئے بھی وہی رولز ہوں گے جو عام کمیٹی کےلئے ہوتے ہیں،عدالت نے کہا آپ کو متعلقہ وزارت کو پارٹی بنانا پڑےگا۔

وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کوئی متعلقہ وزارت معاملے میں ہے ہی نہیں پھر بھی بنا دیں گے، صرف چیلنج کیا سپیکر ،اسمبلی کوپرائیویٹ معاملہ دیکھنے کا اختیار نہیں، سپریم کورٹ میں جو معاملہ زیر التوا ہے چیلنج نہیں کیا، آڈیو لیک 2پرائیویٹ لوگوں کے درمیان مبینہ طور پر کی گئی بات چیت ہے، پارلیمنٹ کو 2پرائیویٹ لوگوں کے معاملے کو دیکھنے کا اختیار نہیں۔

عدالت عالیہ نے خصوصی کمیٹی کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کےخلاف کارروائی سے روک دیا اور پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے نجم ثاقب کی طلبی کا نوٹس بھی معطل کردیا،اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا آڈیوز ریکارڈ کون کرتا ہے؟،حکومت جواب دے، خصوصی کمیٹی نے کس اختیار کے تحت نوٹس کیا؟ پیرا وائز کمنٹس بھی طلب کرلیے گئے۔