آڈیو لیکس کمیشن نے بھی سپریم کورٹ کے بینچ پر اعتراض اٹھا دیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں کام کرنےوالے آڈیو لیکس کمیشن نے بھی سپریم کورٹ کے بینچ پر اعتراض اٹھا دیا۔ آڈیو لیکس کمیشن نے عدالت میں داخل کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ ذاتی مفادات سے متعلق کیس کوئی جج نہیں سن سکتا۔ کمیشن نے جمع کرائے گئے جواب میں استدعا کی ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف کیس نہ سنے۔ آڈیو لیکس کمیشن کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ مبینہ آڈیو لیک سے متعلق دیگر افراد نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی نہ ہی کمیشن پر اعتراض اٹھایا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے آرٹیکل 209 پر اپنا موقف پہلے اجلاس میں واضح کر دیا تھا، واضح کیا تھا کہ کمیشن کی کارروائی کو سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی نہ سمجھا جائے۔ آڈیو لیکس کمیشن کا جواب میں کہنا ہے کہ صدر سپریم کورٹ بار نے آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں آڈیو لیکس کمیشن نے کہا ہے کہ کمیشن کو آڈیو لیکس کی انکوائری میں کوئی ذاتی دلچسپی نہیں، کمیشن کو یہ ذمہ داری قانون کے تحت دی گئی ہے۔ جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ کمیشن آئین و قانون کے مطابق اپنی ذمے داری پوری کرےگا، کمیشن یقین دلاتا ہے کہ متعلقہ فریقین کے اٹھائے گئے اعتراضات کو سنا اور ان پر غور کیا جائےگا۔ آڈیو لیکس کمیشن نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ صحافی قیوم صدیقی اور خواجہ طارق رحیم کمیشن میں پیش ہونے کیلئے تیار ہیں، ججز کا حلف ہے کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق فرائض ادا کریں گے، آئینی درخواستیں قابلِ سماعت نہیں۔ انکوائری کمیشن نے 5 رکنی بینچ کی تشکیل کے طریقہ کار پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بینچ کی تشکیل کا معاملہ ججز کمیٹی کے سامنے نہیں رکھا گیا، بہتر ہو گا کہ ججز کمیٹی کی جانب سے بینچ کی تشکیل تک 5 رکنی بینچ سماعت موخر کر دے۔ دوسری جانب مبینہ آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کے خلاف درخواستوں پر سپریم کورٹ میں سماعت آج ہو گی۔ وفاقی حکومت نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس منیب اختر کے بینچ سے الگ ہونے کی درخواست دی ہے۔