آسٹریلیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: گورنر پنجاب

لاہور( اپنے رپورٹر سے)گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میں پاکستان میں تعینات آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ تعلیم، زراعت اورتجارت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقاتِ کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے آسٹریلین ہائی کمشنر کو بطور چانسلر یونیورسٹیوں کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ تعلیم ، لائیوسٹاک، زراعت ، سائنس اور ٹیکنالوجی میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آسٹریلین کمپنیوں کیلئے پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ، زراعت ، قابل تجدید توانائی اور مائننگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں آسٹریلین حکومت کا پاکستانی طلبہ کو سکالرشپس دینے کے اقدامات قابل تحسین ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاشبہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی اس کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں خواتین ملکی معاشی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ویمن ایمپارونمنٹ پر کنسورشیم بھی بنایا گیا ہے۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کی ایک بڑی تعداد آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زراعت اور ڈیری کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ آسٹریلین ہائی کمشنرنے کہا کہ ان کا ملک خوشحال اور مستحکم پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔اُنہوں نے پنجاب میں زراعت، ڈیری سیکٹر کی ڈویلپمنٹ اور لائیو سٹاک میں آسٹریلین تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔