ایشیا کپ پر بدستوربھارتی ہٹ دھرمی ، حتمی فیصلہ اے سی سی کی جھولی میں ڈال دیا گیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا کپ کی میزبانی کے معاملے پر بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے جبکہ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)کی ایگزیکٹو باڈی کرے گی،بی سی سی آئی کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کی پاکستانی تجویز کو ماننے سے مستقل انکار کے ساتھ بھارتی بورڈ مکمل طور پر کسی غیر جانبدار مقام پر ایونٹ کے انعقاد پر بضد ہے۔

بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کی پاکستانی تجویز سے متعلق حتمی فیصلہ اب ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)کی ایگزیکٹو باڈی کرے گی ،اس حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل کے ایک رکن نے بتایا کہ بھارتی بورڈ ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے اب تک کسی بھی فیصلے میں رکاوٹ بنا ہوا ہے، جس کے بعد حتمی فیصلہ اے سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

ایشین کونسل کے رکن کے مطابق سری لنکا، بنگلادیش اور افغانستان کی جانب سے پہلے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کو تصدیق کی جا چکی ہے انہیں پاکستان میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں، لیکن بھارتی بورڈ تاحال پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت پر اڑا ہوا ہے اور اسی وجہ سے ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے، جس کی وجہ سے حتمی فیصلہ اے سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا، جس میں جے شاہ کو بھی طلب کیا جائے گا،اے سی سی رکن کا مزید کہنا تھا کہ ہائبرڈ ماڈل کی حمایت نہیں کی جاتی تو معاملے کا کوئی درمیانی راستہ نکالنا ناگزیر ہے۔