راولپنڈی(بیورورپورٹ)سربراہ پاک فوج جنرل سیدعاصم منیر نے کہا ہے پاک فوج بہادر،قابل فخر لوگوں کی مقروض ہے، عدم استحکام پیدا کرنے کےلئے اندرونی عناصروبیرونی قوتوں کے درمیان گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ،عوام،فوج کااٹوٹ رشتہ کمزور کرنے کی کوششیں کرنے والے کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، کمانڈر کوئٹہ کور نے استقبال کیا،سپہ سالار نے کوئٹہ گیریژن میں فوجیوں کےلئے مختلف فلاحی سکیموں کا بھی دورہ کیا،روایتی، ذیلی روایتی اور ففتھ جنریشن وارفیئر کےلئے آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔
اس موقع پرآرمی چیف نے کہاجو لوگ عوام اور مسلح افواج کے درمیان اٹوٹ رشتے کو کمزور کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے،پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ بہادر و قابل فخر لوگو ں کی مقروض ہیں جنہوں نے ملک کے طول و عرض میں مسلح افواج سے اپنی منفرد محبت کے حالیہ مظہر کے ذریعے دشمن اور ساتھیوں کے مذموم عزائم کو منہ توڑ جواب دیا ،پاک فوج دنیا کی سب سے مضبوط افواج میں سے ایک ہے، اللہ کی رحمتوں اور اہل پاکستان کی بے مثال حمایت سے کوئی روک سکتا نہ مجبور کر سکتا ہے۔
عدم استحکام پیدا کرنیوالے بے نقاب،عوام،فوج کااٹوٹ رشتہ کمزور کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی،آرمی چیف

















