ملک میں جوڈیشلائزیشن آف پالیٹکس،فرد واحد پاکستان کو کنٹرول نہیں کر سکتا،معاون خصوصی وزیراعظم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)معاون خصوصی وزیراعظم عرفان قادر نے کہاہے ملک میں جوڈیشلائزیشن آف پالیٹکس ہور ہی ہے،تمام ادارے آئین کے تابع ہیں،فرد واحد پاکستان کو کنٹرول نہیں کر سکتا،جمہوری اقدار میں نہیں ہوتاایک ادارہ دوسرے پر چڑھ دوڑے۔

آئین میں کہیں نہیں لکھا سوموٹو کا اختیار صرف چیف جسٹس کو ہے، پارلیمان عدالت کےخلاف ہر گز نہیں کھڑی، حکومت چاہتی ہے عدلیہ مضبوط ہو، عدلیہ کے اندر بھی لڑائی چل رہی ہے، جب تک نئے الیکشن نہیں ہوتے نگران حکومت رہے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی قانونی اصلاحات و احتساب عرفان قادر نے کہا آئین میں انسان کی عزت نفس کا لکھا ہوا ہے، سب انسان ہیں ،آئین کو فوقیت دینی ہے،کوئی فرد واحد کنٹرول کرنا شروع کردے آئین کا تقاضہ نہیں، جوڈیشلائزیشن آف پالیٹکس ہورہی ہے، چند کیسز میں سیاست کو اپنی ڈگر پر چلانے کی کوشش کی گئی، سپریم کورٹ نے توہین عدالت پر یوسف رضا گیلانی کو گھر بھیجا، پانامہ کیس کا عنوان عمران نیازی بنام نواز شریف تھا، فیصلہ ہوا تو میاں صاحب پر کیسز بنے اور وہ نااہل ہوئے، خان صاحب وزیراعظم بنے،پانامہ کیس کے 5 ججزمیں سے ایک جج آج بھی موجود ہیں، پانامہ میں مریم کو بھی سزا ہوئی، 2حکومتیں عدالت نے گرائیں، مرضی کے بنچ بنتے رہے۔

عرفان قادر نے مزید کہا وزیراعظم کا منصب نہیں سپریم کورٹ کے پیغامات باہر کی دنیا کو پہنچائے،تاحیات سزا تو خوفناک جرائم میں بھی نہیں، تیسرے کیس میں کہا گیا اب پارٹی سربراہ بھی نہیں رہ سکتے،توہین عدالت کا اختیار اپنی انا کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہئے، معزز قومیں ایسے اختلافات کو مل کر حل کرتی ہیں، عدلیہ میں کوئی تقسیم ہے تو چیف جسٹس ختم کرائیں،ججز کی تقرری کچھ لو کچھ دو پر نہیں ہونی چاہئے، جوڈیشل کمیشن کے ہر ممبر کو چاہئے ایک ایک بندہ نامزد کرے، سنیارٹی کی بنیاد پر کسی کو بھی اوپر آنا چاہئے، الگ آئینی عدالتوں کے قیام کی تجویز اچھی ہے۔