کراچی(مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسائل اور چیلنجوں کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کررہی ہے، ملک کی برآمدات میں اضافے اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہتری کےلئے مالی مسائل کے باوجود تمام ممکنہ وسائل مہیا کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں ٹیکسٹائل ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے ٹیکسٹائل ایکسپو کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس ایکسپو میں بیرون ملک سے بھی سرمایہ کار شریک ہیں جو خوش آئند ہے، ٹیکسٹائل نہ صرف ہماری معیشت بلکہ برآمدات کےلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مختلف چیلنجوں کے باوجود پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کی بہتری کےلئے کوشاں ہیں، کاروباری افراد کی انتھک محنت کے باعث ٹیکسٹائل کا شعبہ بہتر ہو رہا ہے، سرمایہ کار پاکستان آکر خوشی محسوس کرتے ہیں، مسائل کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کررہی ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر ہماری برآمدات کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نیٹ ویئر اور گارمنٹس کی عالمی برانڈ کی جانب سے مانگ، پرانے ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی میں جدت اس شعبہ کے اہم سنگ میل ہیں، وزیرتجارت، سیکرٹری تجارت اور ان کی ٹیم اور پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین زبیر موتی والا کی اس شعبہ کی بہتری کےلئے نمایاں کارکردگی اہمیت کی حامل ہے، ٹیکسٹائل کے شعبہ کا ملکی برآمدات میں حصہ 60 فیصد ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ایکسپو کا باضابطہ افتتاح کیا اور شرکا نے شہباز شریف کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا، وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا مریم اورنگزیب، احسن اقبال، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر بھی تھے۔
برآمدات میں اضافے کیلئے تمام وسائل مہیا کرینگے: وزیراعظم
















