عمران خان، پی ٹی آئی کو کوئی سیاسی ریلیف نہیں دیا جائیگا:حکومت کا فیصلہ

اسلام آباد(بیورورپورٹ) وفاقی حکومت نے فی الحال چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا،وفاق کے ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے طے کیا ہے سانحہ 9مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ان کی جماعت کو کوئی سیاسی اور قانونی ریلیف نہیں دیا جائےگا اور فی الحال عمران خان سے کوئی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے،ذرائع کے مطابق ملکی قانون کے مطابق سانحہ 9مئی میں ملوث پی ٹی آئی کے رہنماﺅں اوردیگر کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی اور عسکری تنصیبات پر حملے میں ملوث عناصر کے خلاف فوجی عدالتوں میں کیسز جلد ازجلد چلائے جائیں گے،پی ٹی آئی کے 9مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے ثبوت سامنے آنے کے بعد اب ان سے بات چیت کاراستہ اختیار کرنا وفاق کے لیے فی الحال ناممکن ہوگیا ہے،پی ٹی آئی کے اس احتجاج سے عالمی سطح پر ملک کا امیج متاثر ہوا ،ذرائع نے کہا ہے پی ٹی آئی کی جانب سے ریاست کے خلاف تاحال منفی بیانات سامنے آرہے ہیں اس لیے وفاقی حکومت کی جانب سے عمران خان سے سیاسی مذاکرات فی الحال نہیں کیے جاسکتے ہیں،اعلیٰ سطح پر وفاق کی جانب سے اس بات کا جائزہ لیا جارہا ہے پی ٹی آئی کے بیانیہ میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی ہے،اس لیے وفاقی حکومت کی جانب سے عمران خان سے سیاسی بات چیت کرنا مشکل نظر آتا ہے،ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے اہم رہنما 9مئی کے بعد پارٹی چھوڑ رہے ہیں اس سے واضح ہورہا ہے پی ٹی آئی سیاسی طور پر تنہائی کا شکار ہوتی جارہی ہے، پی ڈی ایم کی حکومت کی واضح پالیسی ہے سانحہ 9مئی کے بعد پی ٹی آئی کو کوئی سیاسی و قانونی ریلیف نہیں دیا جاسکتا ، افواج پاکستان اور ریاستی اداروں پر حملوں کے بعد وفاق کی جانب سے عمران خان اور ان سے وابسطہ لوگوں کے ساتھ کوئی سیاسی وقانونی لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جاسکتا ،اس سانحہ میں ملوث خصوصی طور پر عسکری تنصیبات پر حملے کرنے والے گرفتار عناصر کے خلاف درج مقدمات کو فوری فوجی عدالتوں میں چلایا جائے گا اور ان عناصر کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن ہوگا،ذرائع نے کہا ہے پی ٹی آئی کے جن رہنماو¿ں نے سانحہ 9مئی کی مذمت کرکے پارٹی چھوڑ دی وہ اگر اپنے سیاسی سفر کو جاری رکھنے کے لیے وفاقی حکومت یا پی ڈی ایم میں شامل کسی جماعت میں شمولیت کے لیے رابطہ کریں گے تو ان کے حوالے سے حکمت عملی پی ڈی ایم قیادت طے کرے گی، اگر پی ٹی آئی میں کوئی سیاسی دھڑا مستقبل میں سامنے آیا اور ان میں وہ لوگ شامل ہوئے جن کا بیانیہ 9مئی کی مذمت اور ریاست کی رٹ کو تسلیم کرنا ہوا تو ان سے بات چیت ہوسکتی ہے تاہم اس کا فیصلہ بھی پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی،وفاق عمران خان سے مذاکرات کرنے پر فی الحال کوئی ارادہ نہیں رکھتا ہے تاہم پی ٹی آئی پر پاپندی لگانے کا فیصلہ ملکی قانون کے مطابق کیا جاسکتا ہے، اہم ذرائع کا دعوی ہے تحریک انصاف کا فارورڈ بلاک جلد سامنے آجائےگا جو عمران خان سے سیاسی لاتعلقی کا اظہار کرکے ملکی سیاست میں حصہ لے سکتا ہے۔