کوئٹہ(بیورورپورٹ)ریاست اصلاح کاموقع دے،کالعدم بی این اے کے گرفتارسربراہ گلزار امام نے قوم سے معافی مانگ لی،صوبائی وزیر ضیاءلانگو اور سینیٹر آغا عمر احمد زئی نے کوئٹہ میں اہم پریس کانفرنس کے دوران کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے سربراہ گلزار امام کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔
اس موقع پر گلزار امام نے عوام سے معافی مانگتے ہوئے کہا مسلح جدوجہد سے بلوچستان کی ترقی رکی ، غلط راستے پر تھا، دوستوں سے بھی کہتا ہوں واپس آجائیں،مسلح جدوجہد میں شامل بلوچ باشندے لڑائی کی بجائے واپسی کا راستہ اختیار کریں،امید ہے ریاست ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے اصلاح کا موقع دے گی۔
گلزار امام شمبے نے کہا بحیثیت بلوچ میرا مقصد قوم و خطے کی حفاظت کرنا ہے، مجھے کچھ دنوں قبل گرفتار کیا گیا، بلوچ قوم کے اکابرین سے ملنے کے بعد نتیجے پر پہنچا ہوں بلوچستان کے حقوق کی جنگ صرف آئینی و سیاسی طریقے سے ممکن ہے، ریاست کو سمجھے بغیر جنگ کا آغاز کیا، مسلح جدوجہد سے بلوچستان کے مسائل مزید گمبھیر ہوتے گئے، کچھ طاقتیں بلوچ قوتوں کو پریشر گروپ کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہیں جس سے نقصان صرف بلوچ قوم کا ہورہا ہے ،بلوچستان پستی کا شکار ہوگیا ،مسلح جدوجہد میں شامل بلوچ باشندوں سے اپیل کی ہے واپسی کا راستہ اختیار کریں تاکہ ملکر بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں، صوبے میںسرمایہ و ترقی نہ ہونے کے برابر ہے، بلوچ طلبا سے بھی اپیل ہے لڑائی میں وقت ضائع کرنے کی بجائے صوبے کی ترقی کےلئے کام کریں۔
امید کرتا ہوں ریاست ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے اصلاح کا ایک موقع دے گی جن کے لوگ جنگ میں مارے گئے اور جن کا کوئی نقصان ہوا میں معافی کا طلب گار ہوں،گلزار امام نے کہا ہر ملک کے اپنے مفادات ہوتے ہیں، بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ،صوبے پر دنیا کی نظریں ہیں، بلوچوں کو ضرور کہیں نہ کہیں سے سپورٹ مل رہی ہوگی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا آئین کے تحت حقوق نہ ملنے والوں کےساتھ ہیں،بات چیت کے ذریعے مسائل حل ہوسکتے ہیں تاہم ریاست و اداروں سے کھیلنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی،ملکی مفاد کیلئے سب ایک پیج پر ہیں، فورسز اور اداروں نے ملک کیخلاف سازشیں ناکام بنائیں، ریاست کے وجود کو خطرہ ہو تو کسی کو چھوڑا نہیں جاسکتا، حقوق کیلئے نوجوانوں کو بندوق دے کر پہاڑوں پر بھیجنا درست نہیں، ریاست کی بنیادوں سے کھیلنے والوں کیلئے کوئی آپشن نہیں،لڑائی چاہنے والوں سے لڑیں گے،بات کرنے والوں سے دو قدم آگے بڑھ کر بات کریں گے۔
سینیٹر آغا عمر احمد زئی نے کہا بلوچوں نے پاکستان کیلئے بہت سی قربانیاں دیں،واپس آنے والوں کیلئے پالیسی بنائی جائے، مفاہمتی عمل ختم نہیں ہونا چاہئے، قانون کے دائرے میںنوجوانوں کی واپسی کا راستہ کھلنا چاہئے۔
کالعدم بی این اے کے گرفتارسربراہ گلزار امام نے قوم سے معافی مانگ لی

















