مقامی کرنسی کی تجارت اور بارٹر ٹریڈ میکانزم جیسے اقدامات ناگزیر ہیں :کاشف انور

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے سینیٹ آف پاکستان کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ریونیو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صنعت و تجارت اور معیشت کی بحالی و ترقی کیلئے متعدد تجاویز پیش کی ہیں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور شیری رحمان کی زیر صدارت ہوا۔ لاہور چیمبر کے علاوہ فیصل آباد، کراچی، اسلام آباد اور دیگر چیمبرز کے نمائندوں کے ساتھ پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے بھی اپنی قیمتی تجاویز دیں۔لاہور چیمبر کے صدر نے زرمبادلہ کے بحران پر قابو پانے کیلئے مقامی کرنسی کی تجارت اور بارٹر ٹریڈ میکانزم جیسے اقدامات کی سفارش کی۔انہوں نے کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے کیلئے مارک اپ ریٹ کو علاقائی معیشتوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے حکومت پر یہ بھی زور دیا کہ وہ ری فنانس کی شرح کو کم کرے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے نرم پالیسیاں متعارف کرائے، اور کم مارک اپ ریٹ کے ساتھ خصوصی فنانسنگ اسکیمیں فراہم کرے اور کوئی ضمانت کی ضرورت نہ ہو۔ ایل سی سی آئی کے صدر نے علاقائی معیشتوں کے مطابق صنعت کاری اور نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے کیلئے کاروبار کرنے کی لاگت بالخصوص توانائی کی لاگت اور زمین کے اخراجات کو کم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے ایمنسٹی سکیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غیراعلانیہ دولت معاشی دھارے میں آئےگی ۔ انہوں نے صنعتی یا کمرشل بجلی و گیس کنکشن رکھنے والے افراد کو ٹیکس نیٹ میں لا کر ٹیکس کی بنیاد کو بڑھانے کی تجویز دی۔ انہوں نے نان فائلرز کے بجلی و گیس کے بلوں پر 25 فیصد انکم ٹیکس وصول کرنے کی سفارش کی اور نئے کمرشل بجلی/گیس کنکشن کیلئے نیشنل ٹیکس نمبر کی ضرورت پر زور دیا۔لاہور چیمبر کے صدر نے ٹیکس دہندگان پر عائد جرمانے اور سرچارجز کو کم کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ریونیو کے نقصان پر مبنی جرمانے کو معقول بنانے اور زیر التواءری فنڈز کےخلاف طے شدہ ایڈوانس ٹیکس کو ایڈجسٹ کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے رقم کی واپسی کے بیک لاگ کو فوری طور پر ختم کرنے کیلئے ایک کمیٹی کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزالونگ کمیٹی میں چیمبرز کو نمائندگی دینے اور اس بات کو یقینی بنانے کی تجویز پیش کی کہ اس کے فیصلے ٹیکس فورمز کے ذریعے چیلنج نہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق فاٹا/پاٹا کے علاقے میں صنعتوں کو دی جانےوالی سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی چھوٹ کو 30 جون 2023 سے آگے نہ بڑھایا جائے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے پاکستان میں کارپوریٹ ٹیکس کی بلند شرح کو بتدریج 15 فیصد تک کم کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے فعال ٹیکس دہندگان کیلئے ودہولڈنگ ٹیکس کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ کاشف انور نے سیکشن 170کے تحت انکم ٹیکس ریفنڈز کے عمل کو تیز تر پروسیسنگ اور لیکویڈٹی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے خودکار بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔