کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل،بھارتی دہشتگردی پر انسانی حقوق کے چیمپئن کیوں خاموش ہیں؟، بلاول بھٹو

مظفر آباد (بیورورپورٹ)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے سرینگر میں جی 20اجلاس غیرقانونی، دنیا کے دیگر خطوں میں انسانی حقوق کے چیمپئن بننے والے کشمیر میں سنگین خلاف ورزیوں پر اپنی آنکھیں کیسے بند کرسکتے ہیں۔

مسئلہ جموں و کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا اور کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،تنازع کاحتمی حل اقوام متحدہ کی سربراہی میں آزاد و شفاف رائے شماری کے ذریعے نکلے گا ،بھارت کی جانب سے کشمیر ی عوام کے حقوق سے مسلسل روگردانی غیرقانونی قدم ہے، دہرے معیار کی سفارت کاری یا بھارتی ریاستی دہشتگردی کسی قیمت پرحقیقت کو دھندلا نہیں سکتی ،بھارت سمیت پڑوسیوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، اچھے تعلقات متنازع اقدامات سے قائم نہیں ہوسکتے۔

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل سے جڑا ہے،بھارت کو اپنے وعدے پورے کرنا ہوں گے اور کشمیر کو آزادی دیناہوگی،کشمیر کے نمائندے پاکستانی نمائندوں کے مقابلے میں زیادہ میچور و سنجیدہ ہیں ، ان خیالات کااظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہابھارت کی ذمہ داری ہے نتیجہ خیز مذاکرات کےلئے سازگار ماحول پیدا کرے، شنگھائی تعاون تنظیم کے حالیہ اجلاس میں شرکت کے دوران میں نے بھارت پر زور دیا وہ حالات اگست 2019 سے پہلے کی طرح بحال کرے تاکہ آگے بڑھا جائے، بھارت سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل کرے وہ جتنی چائے پینا چاہتے ہیں پلائیں گے مگر ملک کے دفاع پر سمجھوتہ نہیں کرینگے۔

دریں اثناآزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر میں جاری جی 20 ممالک اجلاس کےخلاف مذمتی قرار داد منظور کر لی گئی،قرار داد اپوزیشن لیڈر چودھری لطیف اکبر نے پیش کی، قرار داد میں جی 20 اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر چین ، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کا شکریہ ادا کیا گیا۔