کچہ آپریشن میں بڑی کامیابی،خوف کی علامت وقار عرف وقاری 5ساتھیوں سمیت سرنڈر

لاہور،رحیم یار خان( کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب عثمان انور کی ہدایت پر گرینڈ کچہ آپریشن 42روز بھی جاری رہا،خوف کی علامت سمجھے جانے والے وقار عرف وقاری عمرانی نے 5ساتھیوں سمیت سرنڈر کر دیا،پولیس جزیرہ نما کچہ رجوانی میں ڈاکوﺅں کےخلاف ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال میں لے آئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کی کاروائیوں میں اب تک 10ڈاکو ہلاک،46گرفتار، 18سرنڈرکر چکے جبکہ آپریشن کے دوران 9مغوی بھی بازیاب کرائے گئے ،آر پی او ڈی جی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان کی قیادت میں جدید ہتھیاروں و بکتر بند گاڑیوں سے لیس پولیس دستے دشوار گزار علاقہ کچہ مورو میں داخل ہو گئے۔

آپریشن میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی ملی،خوف کی علامت سمجھے جانے والے وقار عرف وقاری عمرانی نے 5ساتھیوں سمیت سرنڈر کیا،وقار عرف وقاری عمرانی گینگ اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، اسلحہ سمگلنگ اور قتل جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا،سرنڈر کرنے والے ڈاکوﺅں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایس ایم جی گنز،ایمونیشن برآمدکیا گیا ہے، ترجمان کے مطابق پولیس کی بکتر بند گاڑیوں نے کچہ مورو میں تمام کمین گاہوں و خفیہ ٹھکانوں کو مکمل تباہ کر کے نذر آتش کر دیا۔

رحیم یار خان پولیس کا کچہ کراچی کو کلیئر کرنے کے بعد کچہ رجوانی پر مکمل فوکس ہے،پولیس نے دریائے سندھ کے درمیان وسیع و عریض خطرناک جزیرہ نما کچہ پر ڈرون کی مدد سے ڈاکوﺅں کی ریکی شروع کر دی ،ترجمان پولیس نے کہاپولیس کچہ کے علاقے سے کریمنلز کے مکمل صفایا اور پائیدار امن تک کارروائیاں جاری رکھے گی۔