تفتیش کا آغاز سیاسی انتقام ، نیب قانون آئین سے متصادم، پیش نہیں ہوسکتا،عمران خان کاتحریری جواب

لاہور(خبر نگار)القادر ٹرسٹ کیس میں عدم پیشی،الزامات مسترد،تفتیش کا آغاز سیاسی انتقام کا حصہ، نیب قانون آئین سے متصادم ہے، پیش نہیں ہوسکتا،سابق وزیراعظم وچیئرمین چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تحریری جواب جمع کرادیا۔

عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیالاہور میں موجود اور ذاتی طور پر حاضری دینے سے قاصر ہوں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے 22 مئی تک مقدمات میں ضمانتیں لینے کا وقت دیا ،نیب کی طرف سے لگائے گئے تمام الزاماتی نوٹس غلط، غیر سنجیدہ ،جھوٹ پر مبنی ہیں، ریکارڈ کے مطابق کیس میں کوئی کرپٹ پریکٹسز کا ذکر نہیں،انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کا مقصد سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا ہے، الزامات پرانکوائری رپورٹ تاحال مجھے نہیں دی گئی، انکوائری کے وقت صرف طلبی کا نوٹس موصول ہوا۔

عمران خان نے مزید کہا طلبی نوٹس میں انکوائری میں لگائے گئے الزامات کی تفصیلات شامل نہیں، نیب قانون کے مطابق انکوائری کے وقت ملزم کو دفاع کیلئے تفصیلات دینا ضروری ہیں، میری رہائش گاہ پر قانونی ٹیم کو انکوائری رپورٹ فراہم کی جائے،نیب کی جانب سے مانگے گئے دستاویزات میرے پاس موجود نہیں، سرکاری دستاویزات متعلقہ سرکاری اداروں کے پاس ہوں گی،نیب کی طرف سے تفتیش کا آغاز قانون کے منافی و سیاسی انتقام کا حصہ ہے، نیب کے گزشتہ نوٹس کے تفصیلی جواب میں بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کر چکا ہوں،نیب قانون آئین سے متصادم ہے ،پیش نہیں ہوسکتا۔

دوران حراست نیب نے انکوائری رپورٹ دی جو کپڑوں اور شیونگ کٹ کےساتھ پولیس لائن میں ہی رہ گئی، پولیس لائنز میں رہ جانے والی انکوائری رپورٹ، کپڑے اور شیونگ کٹ فوراً زمان پارک بھجوائیں یا میں اپنے وکیل گوہر علی خان کو بھیجوں جو نیب دفتر سے انکوائری رپورٹ لے لے۔