پی ٹی آئی ،اسمبلی رکنیت چھوڑنے کااعلان،فوج کی وجہ سے پاکستان سلامت ہے،محمود مولوی

کراچی (بیورورپورٹ)تحریک انصاف کے کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے پارٹی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر تے ہوئے کہاہے ہنگاموں میں پی ٹی آئی کے جو کارکن ملوث تھے اور جو لوگ بھڑکانے والے تھے سب کو سزائیں ملنی چاہئیں، بہت سے لوگ سمجھتے ہیں ہر چیز خان صاحب کرتے ہیں لیکن ایسا نہیں۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود مولوی نے کہا میں پارٹی اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں،مجھے عمران خان نے ٹکٹ اور پارٹی نے بڑی عزت دی، پارٹی چھوڑنے کی بنیادی وجہ ہے اپنی افواج کے خلاف زندگی میں کبھی گیا ہوں نہ جاﺅں گا،سیاسی جماعتیں بدل سکتے ہیں، آج پی ٹی آئی ہے کل مسلم لیگ(ن)ہوگی اور پرسوں پیپلزپارٹی اور کبھی اور جماعت ہوگی لیکن فوج کو کبھی نہیں بدل سکتے ،محمود مولوی نے کہا مجھے 65اور 71کی جنگ یاد ہے، آج اسی فوج کی وجہ سے پاکستان سلامت ہے۔

،بھارت کے نہ کرسکنے والا کام کیا گیا اگر کہتے ہیں پوری فوج خراب ہے تو بھارت سے فوج لےکر آئیں گے، امریکہ، ایران یا افغانستان سے فوج لے کر آئیں گے یا اپنے آپ کو پٹے پر دیں گے جیسے جاپان نے دیا،مولوی محمود نے کہافوج کو ہٹا کر ملک نہیں چل سکتا،سیاسی جماعتیں ٹیبل پر بیٹھیں، صرف چند لوگ ڈنڈا بردار ہیں، چند لوگ انتہاپسندوں کو لےکر چل رہے ہیں،ہوسکتا ملک میں فلاحی ادارہ بناﺅں ، میری عمر ساتھ نہیں دے رہی ورنہ نئی سیاسی جماعت بناتا،انہوں نے مزید کہا زیادہ تر پارٹیوں میں لوگ صرف غلام ہی ہوتے ہیں، پارٹی کے باقی قائدین سے بھی کہوں گا خوف کابت توڑدیں۔