پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی احتساب ترمیمی بل منظور

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی احتساب ترمیمی بل منظور، کرپشن کو سنگین دہشتگردی قرار دینے کی ترمیم کثرت رائے سے مسترد کردی گئی،اجلاس شروع ہوا تو وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے نیب ترمیمی بل پیش کرتے ہوئے کہابڑی ترمیم ہوتی ہے تو کچھ مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں جبکہ ایک جماعت نے این آر او قرار دیا، وقت نے ثابت کیا این آر او کا فائدہ اسی جماعت کو سب سے زیادہ ہوا،عدالتوں نے نیب قانون کو کالا قانون قراردیاتھا ۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے دور میں نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا ، عمران خان نے نیب قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھاہے، صدر مملکت نے اعتراض کیا قانون سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، قانون ساز ادارہ قانون سازی نہ کرے۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ججزو جرنیل احتساب سے بالاتر ہیں، کرپشن ختم کرنا چاہتے ہیں تو بیوروکریسی،ججز ،جرنیل اور سیاستدانوں کا احتساب کرنا ہوگا، کرپشن کو دہشتگردی کے برابر سنگین جرم قرار دیا جائے،قومی اسمبلی نے کرپشن کو سنگین دہشتگردی قرار دینے کی ترمیم کثرت رائے سے مسترد کردی ۔