حکومت،پی ٹی آئی دوبارہ مذاکرات شروع کریں کوئی حل نکل آئے گا،چیف جسٹس

اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے حکومت،پی ٹی آئی کو دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی تجویز دےدی،انتخابات کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے ریمارکس دئیے عدالت کاحکم حتمی ہے،امید کرتے ہیں مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے اور کوئی حل نکل آئے گا،فنڈز و سکیورٹی کا مسئلہ پہلے الیکشن کمیشن نے بتایا تھا، الیکشن کمیشن نے تو سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار پر سوال اٹھا دیا ، تمام فریقین کو سنیں گے ، دیکھ لیں حکومت بے بس ہے، لوگ گیٹ پھلانگ رہے ہیں جس انداز میں سیاسی قوتیں کام کر رہی ہیں یہ درست نہیں، لوگ جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں،باہر شدید پرتشدد ماحول ہے اگر تفریق زدہ معاشرہ ہوگا تو انتخابات کے نتائج کون قبول کرے گا؟ دونوں جانب سے اخلاقیات کا اعلیٰ معیار کو قائم کیا جائے۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے فنڈز و سکیورٹی کا مسئلہ پہلے الیکشن کمیشن نے بتایا تھااب تو الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار پر سوال اٹھا دیا، نظر ثانی درخواست پر نوٹس جاری کر دیتے ہیں،چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا آپ کو دلائل کےلئے کتنا وقت چاہیے، الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا مجھے دلائل کےلئے 2 سے 3 دن چاہئیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے تمام فریقین کو سنیں گے، ،نظرثانی درخواست ہے ،تیاری کےلئے کتنا وقت چاہیے،پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل علی ظفر نے کہا معاملے میں 2 احکامات ہیں، ملک کی آدھی آبادی نمائندگی کے بغیر ہے، عدالت اپنے احکامات پر عمل کےلئے حکم جاری کرے،نظرثانی کا دائرہ محدود ہوتا ہے، نظرثانی درخواست میں نئے نکات نہیں اٹھائے جا سکتے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے درخواست قابل سماعت ہونے پر الیکشن کمیشن کا موقف سننا چاہتے ہیں، صوبائی حکومتوں کو بھی نوٹس جاری کر کے سنیں گے، دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی نوٹس جاری کریں گے، عدالتی حکم پر عملدرآمد کرایا جائے، عدالت نے جو حکم دیا ہے وہ حتمی ہے،ہمارے پاس آج اہم کیس کی سماعت ہے، کیوں نہ سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دیں، جلدی تب کرتے جب معلوم ہوتا الیکشن کا وقت آ گیا ،ادارے سیریس تھریٹس کے اندر ہیں، میرا مشورہ ہے پرامن ماحول کےلئے کردار ادا کریں، دیکھ لیں حکومت بے بس ہے، لوگ گیٹ پھلانگ رہے ہیں، جس انداز میں سیاسی قوتیں کام کر رہی ہیں درست نہیں، لوگ جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں،عدالتی دائرہ اختیار کا نکتہ بھی الیکشن کمیشن نے نہیں اٹھایا تھا، وفاقی حکومت نکتہ اٹھاسکتی تھی لیکن انہوں نے نظرثانی دائر ہی نہیں کی۔

پی ٹی آئی وکیل علی ظفر نے کہا اب مذاکرات ختم کر کے بات آئین کی عملداری پر آگئی ،مذاکراتی ٹیم کے 2 فریق گرفتار ہوچکے ،اٹارنی جنرل نے کہا میں ہی پہلا شخص تھا جس نے مذاکرات کی بات کی، مذاکرات بالکل ہونے چاہئیں، دونوں جانب سلجھے ہوئے لوگ ہیں،چیف جسٹس نے استفسار کیا اٹارنی جنرل صاحب آپ مذاکرات دوبارہ کیوں شروع نہیں کرا سکتے؟اٹارنی جنرل نے جواب دیاحکومت نے سنجیدگی سے مذاکرات میں حصہ لیا تھا، مذاکرات تحریک انصاف نے ختم کیے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آئین سیاسی حقوق کا ضامن ہے، سیاسی معاملات میں نہیں جانا نہ ہی کچھ سننا چاہتے ہیں، امید کرتے ہیں مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے اور کوئی حل نکل آئے گا، اٹارنی جنرل صاحب آپ کو آگے آنا ہوگا، اپنے مو¿کل کو بتادیں، دونوں فریقین سے امید رکھتے ہیں ماحول بہتر ہوگا،وکیل علی ظفر نے کہا پچھلے ہفتے نام کی جمہوری حکومت نے سابق وزیراعظم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کیا، اٹارنی جنرل نے کہا آپ دیکھیں اس کے بعد کیا کیا ہوا ، گرفتاری کے معاملے کو عدالت نے درست قرار دیا تھا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے مذاکرات دوبارہ شروع کریں، جو بیانیہ دونوں جانب سے بنایا جا رہا ہے اس کو حل کریں، علی ظفر درست کہہ رہے ہیں بال حکومت کے کورٹ میں ہے، حکومت مذاکرات کی دعوت دے تو علی ظفر بھی اپنی قیادت سے بات کریں،ملک میں کاروبار کا پہیہ رک گیا ، موٹروے پر سفر کیا کچھ نظر نہیں آیا کیونکہ لوگوں کا کاروبار ختم ہوچکا، سپریم کورٹ عوام کے حقوق کے دفاع کےلئے موجود ہے، بنیادی حقوق کے نفاذ کےلئے امن ہونا ضروری ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے معیشت منجمد ہے، لوگ باہر نہیں نکل رہے چپ ہو کر بیٹھ گئے ہیں، باہر شدید پرتشدد ماحول ہے اگر تفریق زدہ معاشرہ ہوگا تو انتخابات کے نتائج کون قبول کرے گا؟۔

امن و امان کے ماحول کو برقرار رکھنے میں حصہ ڈالیں، مشکل وقت میں صبر کرنا ہوتا جھگڑا نہیں،3،4دن دیکھیں گے کیا ہو رہا ہے، اپنا فرض ادا کرتے رہیں اور اداروں کا احترام کرنا ہوگا، لوگ گولیوں سے زخمی ہوئے مسئلے کو حل کیوں نہیں کیا گیا، جمہوریت کی بنیاد انتخابات ہیں، قانون کی حکمرانی کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی، میرا پیغام ہے دونوں جانب سے اخلاقیات کے اعلیٰ معیار کو قائم کیا جائے،دونوں اطراف سے پرتشدد کارروائیاں ہو رہی ہیں، لوگ شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

وکیل پی ٹی آئی نے کہا سیاست کو عدالت سے الگ رکھ کر دلائل دوں گا، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے دوسرے فریقین سے بھی سیاست کو باہر رکھنے کی توقع ہے جبکہ عدالت نے آئین کےساتھ حالات کو بھی دیکھنا ہے، جنگ کے حالات میں انتخابات ہونے پر آئین خاموش ہے،الیکشن اس انداز میں ہو بھی جائے تو نتائج کون مانے گا؟ کیا پی ٹی آئی حکومت کو واک اوور دینا چاہتی ہے؟ انتخابات 90 دن میں ہونا آئین کی بنیادی بات ہے اور 14 مئی گزر گئی لیکن کچھ نہیں ہوا، 14 مئی سے پہلے کیا کیا گیا یہ بھی دیکھنا ہے، پی ٹی آئی و حکومتی جماعتیں جمہوری نظام سے وابستہ پارٹیاں ہیں، دونوں جماعتوں سے اچھے کی توقع رکھتے ہیں،چیف جسٹس نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت، کے پی حکومت، پنجاب حکومت اور پی ٹی آئی کو نوٹسز جاری کر دئیے اور کیس کی مزید سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کردی۔