اسلام آباد (بیورورپورٹ) وفاقی کابینہ نے 9 مئی کے واقعات کےخلاف مسلح افواج کے ترجمان کے بیان کی تائید وحمایت کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے ریاست، آئین، قانون اور قومی وقار کےخلاف منظم دہشتگردی اورملک و ریاست دشمنی کرنے والوں کےساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے ، آئین وقانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کرکے ملوث عناصر کو عبرت کی مثال بنایاجائے،75 سال میں پاکستان کا ازلی دشمن جو نہ کرسکا وہ کام شرپسند فارن فنڈڈ جماعت اور لیڈرز نے کردکھایا ، اجلاس کے شرکاءنے چیف جسٹس کی جانب سے ”آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی“ سمیت دیگر کلمات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا عدل کی اعلیٰ ترین کرسی پر بیٹھے شخص کا کرپشن کے مقدمے میں اظہار خیال عدل کے ماتھے پر شرمناک دھبہ ہے، اسلام، مہذب دنیا اور عدالتی فورمز کی تاریخ گواہ ہے طرز عمل کسی منصف کا ہرگز نہیں ہوسکتا۔
وزیر قانون وانصاف سینیٹر اعظم نزیر تارڑ نے بریفنگ دی عمران خان کی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں قانونی طور پر گرفتاری کی گئی ،وزیر داخلہ رانا ثنانے 9 مئی 2023 کو پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے حساس ریاستی اداروں ،عمارتوں ، جناح ہاﺅس، شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی، توڑ پھوڑ، قومی نشریات رکوانے، سوات موٹروے،ریڈیو پاکستان سمیت دیگر سرکاری ونجی املاک ،گاڑیوں کو جلانے، سرکاری اہلکاروں و عام شہریوں پر تشدد، مریضوں کو اتار کر ایمبولنسز کو جلانے جیسے تمام واقعات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاجلاﺅ گھیراﺅ کو آئینی وجمہوری احتجاج نہیں کہا جاسکتا،دہشتگردی اور ملک دشمنی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیاجاسکتا۔
اجلاس نے عوام کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کرپشن،60 ارب کی لوٹ مار کرنے ، 9 مئی کے دن ملک دشمنی، دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری سے اعلان لاتعلقی کیا اور آئین وقانون کا ساتھ دیا،شرکاءنے نے مسلح جتھوں کی برستی گولیوں میں عوامی جان ومال ،ریاستی سرکاری ونجی املاک کی حفاظت کےلئے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے تحفظ و دفاع کا فرض نبھانے والے افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے افسروں و اہلکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور قومی خدمت کے جذبے کو سراہا۔
کابینہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کےساتھ یکجہتی کرتے ہوئے واضح کیالاقانونیت میں ملوث عناصر کےخلاف اٹھائے گئے اقدامات کےساتھ ہیں،اجلاس نے عمران خان کی گرفتاری میں چیف جسٹس کی مداخلت کو مس کنڈیکٹ قرار دیتے ہوئے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا،کابینہ نے صدر عارف علوی کے وزیراعظم شہبازشر یف کو لکھے خط کی مذمت کرتے ہوئے کہا خط ثبوت ہے صدر عارف علوی ریاستی سربراہ سے زیادہ پارٹی کے ورکر نظر آرہے ہیں ایک بار پھر انہوں نے آئین وپاکستان کی بجائے عمران خان سے اپنی تابیداری کا ثبوت دیا۔
ملک و ریاست دشمنی کرنے والوں کو نشان عبرت بنایاجائے،وفاقی کابینہ

















