عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ، رہائی کا حکم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کو غیرقانونی دیکر فوری رہا کر نے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے عمران خان جمعہ کو ہائیکورٹ میں دوبارہ پیش ہوں، ہائیکورٹ جو فیصلہ دےگی آپ کو ماننا ہوگا جبکہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے عمرن خان کی گرفتاری غیرقانونی تھی، عمران خان کی گرفتاری کو واپس کررہے ہیں، عمران خان کو ہدایت ہے ہائیکورٹ سے رجوع کریں، خواہش ہے آپ پرتشدد مظاہروں کی مذمت کریں۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں شامل سینئر وکیل حامد خان نے عدالت کو بتایا عمران خان ایک کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کےلئے اسلام آباد ہائیکورٹ آئے تھے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں کس کیس میں پیش ہوئے تھے؟ وکیل حامد خان نے بتایا عمران خان بائیومیٹرک کےلئے موجودہ تھے جب دھاوا بولا گیا، رینجرز نے عمران خان کے ساتھ بدسلوکی کی اور پر تشدد طریقے سے گرفتار کرلیا، چیف جسٹس نے کہا عدالتی ریکارڈ کے مطابق ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر ہوئی تاہم سماعت کےلئے مقرر نہیں ہوئی جو مقدمہ مقرر تھا وہ بھی دیکھ لیتے ہیں، وکیل حامد خان نے کہا بائیومیٹرک کے بغیر درخواست دائر نہیں ہوسکتی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا یہی بات ہے عمران خان عدالت کے احاطے میں داخل ہوچکے تھے، کسی کو انصاف کے حق سے کیسے محروم رکھا جاسکتا ہے، چیف جسٹس نے کہا عدالت کا احترام ہوتا ہے، کورٹ کی پارکنگ سے نیب نے ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا، عدالت نے گرفتاری کو واپس کرایا تھا جس کے بعد نیب نے یقین دہانی کرائی تھی احاطہ عدالت سے گرفتاری نہیں ہوگی، انہوں نے استفسار کیا کتنے لوگوں نے عمران خان کو گرفتار کیا؟۔

وکیل عمران خان نے بتایا 80 سے 90 افراد نے گرفتار کیا، چیف جسٹس نے کہا 90 رینجرز اہلکار احاطہ عدالت میں داخل ہوئے تو عدالت کی کیا توقیر رہی؟ کسی بھی فرد کو احاطہ عدالت سے کیسے گرفتار کیا جاسکتا ہے،ماضی میں عدالت میں توڑ پھوڑ کرنے پر وکلا کے خلاف کارروائی کی گئی،کسی فرد نے عدالت کے سامنے سرنڈر کردیا تو گرفتار کرنے کا کیا مطلب ہے؟ کوئی شخص بھی آئندہ انصاف کےلئے خود کو عدالت میں محفوظ تصور نہیں کرےگا، گرفتاری سے قبل رجسٹرار سے اجازت لینی چاہیے تھی۔

وکیل شعیب شاہین نے بتایا عمران خان کی گرفتاری کے وقت عدالتی عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، چیف جسٹس نے کہا وارنٹ کی قانونی حیثیت نہیں ،تعمیل کا جائزہ لیں گے، عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کے عمل کو سبوتاژ نہیں کیا جاسکتا، وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا عمران خان پر حملہ ہوا، سکیورٹی بھی واپس لے لی گئی۔

چیف جسٹس نے کہا ابھی اٹارنی جنرل کو طلب کرتے ہیں، وارنٹ کی تعمیل کیسے ہوئی سب سے اہم ہے، ہر کسی کو عدالت کے اندر تحفظ ملنا چاہیے،نیب نے تو ہین عدالت کی ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے ہر کوئی چاہتا ہے دوسرا قانون پر عمل کرے یہ عدالتوں کے احترام کا طریقہ کار نہیں۔

وکیل حامد خان نے استدعا کی تفتیشی افسر کی موجودگی میں عمران خان کو گرفتار کیا گیا رہائی کا حکم دیا جائے، جسٹس علی مظہر نے دریافت کیا کیا وارنٹ گرفتاری چیلنج کیے گئے تھے؟ وکیل نے بتایا گرفتاری کے بعد معلوم ہوا کہ یکم مئی کو وارنٹ جاری کئے گئے تھے، چیف جسٹس نے کہا اس وقت گرفتاری کے طریقہ کار اور عدالت کی بے توقیری کے معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا سیکرٹری داخلہ نے بتایا وارنٹ ابھی تک عملدرآمد کےلئے موصول نہیں ہوئے، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا سیاسی قیادت کی عدالتی پیشی پر بھی اچھے عمل کی توقع ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے گرفتاری کے بعد جو کچھ ہوا اسے رکنا چاہیے تھا، مطلب یہ نہیں غیرقانونی اقدام سے نظر چرائی جاسکے ایسا فیصلہ دینا چاہیے جن کا اطلاق سب پر ہو، انصاف تک رسائی ہر ملزم کا حق ہے۔

چیف جسٹس نے کہا میانوالی کی ضلعی عدلیہ پر حملہ ہوا ہے، معلوم کریں حملہ کس نے کیا ؟ ضلعی عدلیہ پر حملے کا سن کر بہت تکلیف ہوئی، وکیل عمران خان نے کہا عمران خان کو گھر یا عدالت کے باہر سے گرفتار کیا جاتا تو یہاں نہ ہوتے ان کےساتھ کوئی کارکن یا جتھہ عدالت میں نہیں تھا۔

جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیا نیب نوٹسز کا جواب بھجوایا گیا تھا، وکیل نے بتایا نیب نوٹس کا جواب دیا گیا تھا، قانون کے مطابق انکوائری کی سطح پرگرفتاری نہیں ہوسکتی، جسٹس اطہر من اللہ نے وکیل عمران خان سے دریافت کیا آپ سپریم کورٹ سے کیا چاہتے ہیں؟ حامد خان نے کہا عمران خان کی رہائی کا حکم دیا جائے، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ جو چاہتے ہیں اطلاق ہر شہری پر ہوگا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے نیب نے منتخب عوامی نمائندوں کو تضحیک سے گرفتار کیا،طریقہ کار بند کرنا ہوگا، عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کے عمل کو سبوتاژ نہیں کیا جاسکتا، وکیل عمران خان نے کہا انکوائری مکمل ہونے کے بعد رپورٹ ملزم کو دینا لازمی ہے، جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیا عمران خان شامل تفتیش ہوئے تھے؟ وکیل نے بتایا عمران خان نے نوٹس کا جواب نیب کو ارسال کیا تھا لہٰذا نیب کا جاری کردہ وارنٹ غیرقانونی تھا۔

دوران سماعت عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو عمران خان کو ایک گھنٹے تک پیش کرنے کا حکم دیا،چیف جسٹس نے ہدایت کی عمران خان کی پیشی پر کارکنوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی، عدالت معاملے پر بہت سنجیدہ ہے، اس موقع پر اٹارنی جنرل نے جمعہ تک مہلت دینے کی استدعا کی جسے چیف جسٹس نے مسترد کر دیا اور ریمارکس دئیے عدالت مناسب حکم جاری کرے گی۔

بعدازاں سابق وزیراعظم عمران خان کو پولیس نے تقریباً پونے 6 بجے تک عدالت میں پیش کیا، عمران خان کے کمرہ عدالت میں داخلے کے بعد کمرہ عدالت کے دروازے بندکردئیے گئے،سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے عمران خان کو روسٹرم پر بلالیا اور کہاآپ کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، آپ کوسنناچاہتے ہیں، یہ بات کی جا رہی ہے آپ کے کارکن غصے میں باہر نکلے، سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دیا اور عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے دوبارہ رجوع کرنے کا حکم بھی دیا، چیف جسٹس نے کہا جب ایک شخص کورٹ آف لاءمیں آتا ہے تو مطلب کورٹ کے سامنے سرنڈر کرتا ہے، ہم سمجھتے ہیں عمران خان کی گرفتاری غیرقانونی ہے،آپ 8 مئی کو کورٹ میں بائیو میٹرک روم میں موجود تھے، اسلام آباد ہائیکورٹ جمعہ کو کیس کی سماعت کرے، عمران خان ہائیکورٹ میں پیش ہوں، ہائیکورٹ جو فیصلہ کرے وہ آپ کو ماننا ہوگا، عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی تھی۔

چیف جسٹس نے کہا ملک میں آپ کی گرفتاری کے بعد تشدد کے واقعات ہو رہے ہیں، ملک میں امن چاہتے ہیں، عدالت چاہتی ہے آپ خود ملک میں فسادات کی مذمت کریں، سپریم کورٹ ہر شہری کو قانونی حق دے گی، آپ سابق وزیراعظم اور سینئر لیڈر ہیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ذوالفقار بھٹو اور محترمہ جیسے لیڈر دوبارہ نہیں آئیں گے، اتنے بڑے لیڈرز کو مارنے کے بعد بھی حالات کنٹرول میں رہے، سپریم کورٹ کی وجہ سے آپ آج یہاں کھڑے ہیں، عمران خان پورے ملک میں عوام کو اپنے ورکرز کو امن وامان کا پیغام دیں، سیاسی ماحول سیاسی رہنماوں کی وجہ سے خراب ہے، عمران خان نے کہا جو کچھ انتشار ہوا میری گرفتاری کے بعد ہوا، مجھے کمانڈو ایکشن کر کے سر پر ڈنڈے مارے گئے، دہشتگردکی طرح مجھے پکڑ کر لے گئے، مجھے خبروں کا بھی نہیں بتایا گیا، میرا موبائل لے لیا گیا، مجھے پتہ ہی نہیں ملک میں کیا ہوا ہے، میں نے پوچھا پھر بھی کچھ نہیں بتایا گیا، میں حیران تھا، صدمہ ہوا جیسے اچانک پکڑا، نیب نے گرفتاری کے بعد مجھے نوٹس دکھایا، مجھے کریمنل کی طرح پکڑا گیا، جو میرے ساتھ ہوا اس کا ری ایکشن تو آئےگا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا آپ ایسا نہ کہیں،میڈیا موجود ہے احتیاط سے بات کریں، خان صاحب جو آپ بولیں گے ہر لفظ اہم ہوگا،عمران خان نے کہا یہاں میڈیا موجود ہے، پیغام دینا چاہتاہوں، میں تو گرفتار تھا، پرتشدد مظاہروں کا ذمہ دارکیسے ہوگیا؟ میرا موبائل فون لے لیا گیا، مجھے پتہ ہی نہیں ملک میں کیا ہوا،میں نے کبھی انتشارکی بات نہیں کی،ملک میں صرف الیکشن چاہتے ہیں، سب کو کہتا ہوں سرکاری و عوامی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں، عمران خان نے کہامجھے کبھی پولیس لائن اورکبھی کہیں لےکر پھرتے رہے، مجھے سمجھ نہیں آیا ہوا کیا ہے، میں نے نیب نوٹس کا جواب دیا تھا، ملک میں آزادانہ الیکشن چاہتا ہوں۔

چیف جسٹس نے کہا آپ مذاکرات کا آغاز کریں اس سے معاشرے میں امن آئےگا، اچھی بات ہے آپ عوام کے حقوق کے امین ہیں، دونوں طرف سے بیانیہ شدید ہوچکا،چیف جسٹس نے کہا عمران خان اس وقت سپریم کورٹ کی تحویل میں ہیں، عمران خان پولیس لائنزگیسٹ ہاو¿س میں رہیں گے، ممکن ہو تو اسلام آباد ہائیکورٹ میں 11 بجے سماعت مقرر کی جائے، ہمیں آپ کی سکیورٹی عزیز ہے، عمران خان سے 10افراد کو ملنے کی اجازت ہوگی، عمران خان سے ملنے والوں میں اہل خانہ ، وکلا اور دوست شامل ہوں گے،چیف جسٹس نے کہا سپریم کورٹ نے 2 اصول طے کئے ہیں، اصول یہ ہے عدالت کے احاطے سے کسی شہری کو آئندہ گرفتار نہیں کیا جائےگا، احاطہ عدالت سے گرفتاری کےلئے پولیس کے سوا کوئی نفری بغیر اجازت نہیں آئےگی۔

اس موقع پر عمران خان نے عدالت سے استدعا کی مجھے بنی گالہ جانے دیں، چیف جسٹس نے کہا عمران خان کی سکیورٹی یقینی بنانا آئی جی اور اٹارنی جنرل کی ذمہ داری ہے، عمران خان جمعہ تک سپریم کورٹ کی تحویل میں ہیں، ڈر ہے ہماری کسٹڈی میں عمران خان کو کچھ نہ ہو، عمران خان نے کہا آپ کی کسٹڈی کی وجہ سے برکت آگئی ، عمران خان نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا، چیف جسٹس نے کہا جس گیسٹ ہاوس میں ٹھہرایا گیا اس کے 3کمرے ہیں، وہاں گپ شپ لگائیے گا، سوجائیے گا اور جمعہ کو ہائیکورٹ میں پیش ہوجائیں، گیسٹ ہاوس میں بھی آپ آرام سے رہیں گے، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہائیکورٹ وقت پر پہنچنا ہے، تاخیر کی تو عدالت کیلئے مسئلہ ہوگا۔

چیف جسٹس نے کہا احاطہ عدالت کے اندر شہریوں کو آزادی ہونی چاہیے، عمران خان نے کہا مجھے نہیں معلوم کہ باہرکیا ہو رہا ہے، جو باہر ہو رہا ہے میں اس کا ذمہ دار نہیں ہوں، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا لیڈر یہ نہیں کہہ سکتا کارکن جو کررہے ہیں وہ ذمہ دار نہیں، جو کچھ ہو رہا ہے آپ اس کے ذمہ دار ہیں۔


سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عمران خان کو پولیس اور رینجرز کے حصار میں پولیس لائنز گیسٹ ہاوس پہنچادیا گیا۔