ملک دشمنی پر کسی کو ریلیف دینا دہشتگردی کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے اگر عمران خان کولائسنس ٹو کل دیا گیا تو 22کروڑ عوام کو ”لائسنس ٹو کل“ دینا پڑے گا، ملک دشمنی پر کسی کو ریلیف دینا دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کرنے کے مترادف ہے، عمران خان نیب کی تاریخ میں جسمانی ریمانڈ کا پہلا ملزم ہے جس کی اپیل 48 گھنٹے میں سماعت کےلئے لگائی گئی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا مریض، پولیس، مساجد، سکول، ہسپتالوں کو جلانے اور شہدا ،غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی پر انصاف کون دے گا؟ عمران خان کو ریلیف ملک کےساتھ بڑی زیادتی ہوگی،عدالتیں مجرموں، دہشتگردوں اور مسلح جتھوں کی پناہ گاہیں بنا دی جائیں تو مجرم عدالت کے احاطے سے گرفتار ہوگا،عمران خان کو 60 ارب کرپشن کیس میں نیب نے قانونی طریقے سے گرفتار کرکے احتساب عدالت میں پیش کیا ،ملک کے اندر چند سو مسلح جتھے و دہشتگرد حساس اداروں، ریاستی املاک، مساجد، ہسپتالوں ،سکولوں پر حملہ آور ہوئے، پی ٹی آئی قیادت نے مسلح جتھوں کو تشدد پر اکسایا۔

عمران خان کے دور میں ملک کے 3مرتبہ کے منتخب وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء، سلمان شہباز، حمزہ شہباز، مفتاح اسماعیل سمیت دیگر لوگوں کی بہنوں و بیٹیوں کو گھسیٹ کر جیلوں میں ڈالا گیا، جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے تب کسی نے نوٹس نہیں لیا، بھارت میں ملک دشمنی پر شادیانے بج رہے ہیں،75سالوں میں جو کام بدترین دشمن نہیں کر سکا وہ عمران خان نے کر دکھایا ،عمران خان نیب کا مجرم ہے، القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا ،ریاست پر حملہ آور کو ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے،عمران خان کی گرفتاری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے قانونی قرار دیا ،احتساب عدالت نے ریمانڈ پر بھیجا پھر کیوں بلایا گیا؟، چور، ڈاکو، نالائق اور کرپٹ فتنے کےخلاف 4سال تک سڑکوں پر احتجاج کیا لیکن کبھی قومی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا،عمران خان کو ریلیف ملک کے ساتھ بڑی زیادتی ہوگی، فیصلہ کن گھڑی ہے، بحیثیت قوم فیصلہ کرنا ہوگا، صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں، ہر آئینی ادارے اور ہر اس فرد اور منصب کی ذمہ داری ہے جو ملک سے محبت کرتا ہے۔