پارلیمان طاقت کا مرکز جہاں سے عوام کی مرضی سے جنم لیتی ہے :راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمان طاقت کا مرکز،آئین کا مصنف اورواحد قانون ساز ادارہ ہے،عوام کی مرضی پارلیمان سے جنم لیتی ہے اور تمام اداروں کو عوام کے اس خود مختار اور اعلیٰ ادارے کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے، یہی ہمارے آئین کی روح ہے اور یہ ایک ہمہ گیر، باہمی احترام، متنوع اور مکالمے پر مبنی پاکستان کا واحد راستہ ہے۔بدھ کو قومی اسمبلی میں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے منعقدہ دو روزہ عالمی کنونشن کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے مندوبین اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔تقریب میں 17 سے زیادہ ممالک کے مندوبین شریک ہوئے۔غیر ملکی شرکا میں مختلف ممالک کے سپیکرز ،ڈپٹی سپیکرز،بین الاقوامی قانونی ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمائندے شامل ہیں۔سپیکر نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ سب اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آ ئین کی گولڈن جوبلی کی تقریب میں شریک ہیں، آپ سب کی یہاں موجودگی اس بات کی عکاس ہے کہ آپ آئین و قانون کی پاسداری، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے اختیارات کی منتقلی پر یقین رکھتے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے وزیر اعظم پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں کہ انہوں نے آئین کے 50 سال کے عنوان سے ایک ماہ تک جاری رہنے والی تقریبات میں ذاتی دلچسپی لی اور انکی مسلسل حمایت کی، یہ پارلیمنٹ کی بالادستی پر وزیر اعظم کے غیرمتزلزل یقین کا اظہار ہے اور انکی انتھک کوششوں کو سراہنے میں پورا ایوان مجھ سے متفق ہے۔