آپ کی سیاست یوٹرنز اور اداروں پر مذموم حملو ں سے عبارت ہے ،شہباز کاعمران کو جواب

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے عمران خان نے وزیرآباد حملے کے قابل مذمت واقعہ کو گھٹیا سیاسی مقاصد کےلئے استعمال کیا،آپ کی سیاست جھوٹ، یوٹرن اوراداروں پرگمراہ کن حملوں سے عبارت ہے ،عمران خان کی اقتدار سے بے دخلی کے بعد پاک فوج کو بدنام کرنے کےلئے بنائی گئی ٹرول بریگیڈ کے ہوتے دشمن کی ضرورت نہیں ، مسلح افواج کے شہداءکےخلاف عمران خان وزیرآباد حملے سے پہلے بھی پاک فوج و انٹیلی جنس اداروں پر کیچڑ اچھالتے رہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ٹوئٹ کے جواب میں وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کوئی شک نہیں آپ کی سیاست کی تعریف صریحاًجھوٹ،یو ٹرن اور اداروں پر گمراہ کن حملوں سے عبارت ہے،مقصد عدلیہ کو اپنی مرضی کے مطابق جھکانا اور ایسا برتاﺅ کرنا ہے جیسا آپ پرکوئی قانون لاگو نہیں ہوتا،وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں عمران خان سے جواباً سوال کیا کیااقتدار سے بے دخلی کے بعد پاک فوج کو بطور ادارہ بدنام کرنا آپ (عمران خان )کی سیاست میں بار بار ہونے والا عمل نہیں؟۔

کیا آپ نے وزیر آباد حملے سے پہلے فوج و انٹیلی جنس ایجنسی کی قیادت پر کیچڑ اچھالنے کا سہارا نہیں لیا؟روزانہ کی بنیاد پر دھمکیاں دینے و بے بنیاد الزامات لگانے کے علاوہ آپ نے کون سا قانونی راستہ اختیار کیا؟ آپ نے وفاقی حکومت کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو مسترد اور قانونی کارروائی کا بائیکاٹ کیا،آپ کو وزیر آبادحملے کے حقائق جاننے میں کبھی دلچسپی نہیں تھی لیکن آپ نے قابل مذمت واقعہ کو گھٹیا سیاسی مقاصد کےلئے استعمال کیا،وزیراعظم نے استفسار کیا ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد مسلح افواج کے شہداءکےخلاف سوشل میڈیا پر ہتک آمیز مہم کس کے کہنے پر شروع کی گئی؟ وہ ٹرول بریگیڈ کس پارٹی سے تعلق رکھتی تھی جس نے شہدا کا مذاق اڑایا ، ٹرول بریگیڈکی مہم ملکی سیاست و ثقافت میں نیا گھٹیا و ناقابل تصور عمل تھا،آپ کی طرف سے تخریبی غدارانہ کارروائیوں کے ہوتے ہوئے کیا ہمیں دشمن کی ضرورت ہے؟۔

وزیراعظم نے کہا کس نے سیاسی احتجاج کے دوران مذہبی اصطلاحات کو سیاسی مقاصد کےلئے استعمال کیا؟کیا سیاسی مخالفین کو اپنے حامیوں کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بنا ناچالاک و خود غرضانہ کوشش نہیں؟ کیا عقیدت و احترام کے تمام اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسجد نبوی کے صحن میں خاتون وزیر سمیت سرکاری وفد کو ہراساں نہیں کیا گیا اورآپ کے پارٹی رہنماﺅں نے جواز پیش نہیں کیا ،جشن نہیں منایا؟وزیراعظم شہباز شریف نے کہا بات واضح ہو چکی سابق وزیر اعظم کے طور پر اس وقت عمران خان کےخلاف بدعنوانی کا مقدمہ چل رہا ہے اور وہ قانونی و سیاسی نظام کو الٹنے کے جواز کا دعویٰ کر رہے ہیں،جہاں تک پاکستان کے”جنگل“ بننے کے آپ کے دعویٰ کا تعلق ہے، میں مشورہ دیتا ہوںحقائق اکثر تلخ اور تباہ کن ہوتے ہیں، آئیے اسے کسی اور دن کےلئے رکھیں۔