پرتشدد احتجاج سیاست نہیں دہشتگردی،ریاست پر حملہ کرنےوالے کسی فرد کو نہیں چھوڑینگے،محسن نقوی

لاہور (خبر نگار) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے پرتشدد احتجاج سیاست نہیں دہشتگردی ہے،قوم سے وعدہ ہے ریاست پر حملے میں ملوث کسی ایک کو بھی نہیں چھوڑیں گے،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا پرتشدد احتجاج سیاست نہیں سراسر دہشتگردی ہے۔

دریں اثنااپنے بیان میں نگران وزیراعلیٰ محسن رضا نقوی نے کہا آئی جی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو ہمہ وقت مانیٹر کریں اور حالات کے مطابق اقدامات اٹھائیں،صوبے میں امن عامہ کی فضا قائم رکھنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، عوامی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائےگا،محسن نقوی نے مزید کہا احتجاج کی آڑ میں عوام کے روز مرہ معمولات زندگی میں کسی کو بھی خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن سڑکوں کو بند کرنا اور املاک پر حملے کسی بھی صورت برداشت نہیں، امن عامہ کی فضا برقرار رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے جسے احسن انداز سے نبھایا جائے گا۔

مزید برآںنگران وزیر اطلاعات عامر میر نے پی ٹی آئی کی کھلی دہشتگردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاقومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں پر حملے ملک دشمنی اور فاشزم ہیں،شرپسند عناصر کی جانب سے ریڈ لائن کراس کی گئی، لاہور اور راولپنڈی کے افسوسناک واقعات ریاست دشمنی کے مترادف ہیں، سیاست نہیں بلکہ ننگی دہشتگردی ہے ،سخت ترین احتساب ہو گا۔

حملوں میں ملوث شرپسندوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا، دہشتگردی میں ملوث ایک ایک شرپسند کو نشان عبرت بنائیںگے،عامر میر نے مزید کہا شر پسندوں نے اپنا اصل چہرہ اور اپنا ملک دشمن ایجنڈا ظاہر کردیا ، ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے ساری عمر پچھتائیں گے۔