توہین پارلیمنٹ بل 2023 قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) قومی اسمبلی میں توہین پارلیمنٹ بل 2023 پیش کر دیا گیا جسے مزید غور کیلئے بل کمیٹی کو بھجوانے کی تجویز دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی رانا قاسم نون کی جانب سے بل پیش کیا گیا۔ بل پیش کرتے ہوئے رانا قاسم نون نے کہا کہ بدقسمتی سے کمزور ماں کمزور اولاد کا سبب بنتی ہے، جتنی بے توقیری اس ایوان کی ہوئی پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ اس ایوان میں گزشتہ ادوار میں لعنتیں برسائی گئیں۔ میڈیا میں ہمارا ٹرائل اور پارلیمان کو انڈر مائن کیا جاتا ہے۔ اس پارلیمان کی عزت ہوگی تو سب کی عزت ہوگی، پارلیمان کی بے توقیری پر سزا اور جزا ہونا چاہیے۔ وزیر مملکت قانون شہادت اعوان نے کہا کہ بہت اہم نوعیت کا بل ہے اور اس بل کو مزید غور کیلئے قانون و انصاف کمیٹی کو بھجوایا جائے، قانون و انصاف کمیٹی ایک دن میں اپنے رپورٹ ایوان میں پیش کرے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے بھی بل کمیٹی کو بھیجنے کی حمایت کی لیکن اپوزیشن لیڈر نے بل کمیٹی کے سپرد کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ یہ ہماری عزت کا مسئلہ ہے، کمیٹی کو نہیں بھیجا جائے۔ شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ اب وزرا صاحبان اپنی نوکری پکی کرنے کیلئے کہہ رہے ہیں کہ کمیٹی کو بھیج دیں، اس وقت پورا ایوان ان وزرا کے علاوہ کتنے لوگ کہتے ہیں معاملہ کمیٹی کو بھیج دیں۔ لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ اب مٹی پاو اور آگے چلو والی پالیسی نہیں چلے گی، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی اور نواز شریف کو نااہل کر کے آگے بڑھنے کا کہا گیا۔ ہمیں کبھی بندوق اور کبھی ہتھوڑے والے پکڑ لیتے ہیں۔ وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ توہین پارلیمنٹ بل قانون و انصاف کمیٹی کو جانا چاہیے، رانا قاسم نون کی اچھی کوشش ہے اور یہ کام بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔ ادارے کی بالادستی کیلئے قانون سازی ہونی چاہیے، ادارے اس ایوان کے تقدس کا خیال رکھیں، یہ قانون اس ادارے کی کارگردگی کو تقویت دے گا۔