عمران خان کے الزامات ناقابل قبول ہیں،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) ترجمان پاک فوج نے سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے انٹیلی جنس ایجنسی کے اعلیٰ افسر پر الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدنیتی پر مبنی من گھڑت الزامات انتہائی افسوسناک، قابل مذمت اور ناقابل قبول ہیں، جھوٹے الزامات کا سلسلہ بند کیا جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے حاضر سروس سینئر فوجی افسر کےخلاف بغیر کسی ثبوت کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ، بے بنیاد الزام عائد کیا، بدنیتی پر مبنی من گھڑت الزامات انتہائی افسوسناک، قابل مذمت اور ناقابل قبول ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا ایک سال سے فوج، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسروں کو سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے اشتعال انگیز پروپیگنڈے کا نشانہ بنانا وطیرہ بن گیا، سیاسی رہنما جھوٹے الزامات لگانے کا سلسلہ بند کرکے قانونی راستہ اختیار کریں، سیاسی مقاصد کیلئے اشتعال انگیز، سنسنی خیز پروپیگنڈے سے نشانہ بنایا جاتا ہے، ادارہ غلط و بدنیتی پر مبنی بیانات و پروپیگنڈے پرقانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔