عمران خان نے وزیر اعظم سے سوالات کے جوابات مانگ لئے

لاہور( خبر نگار )سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف سے سوالات کے جواب مانگتے ہوئے کہا ہے کسی ایسے شخص کے طور پر جس پر گزشتہ چند مہینوں میں اپنی زندگی پر 2 قاتلانہ حملے ہوئے ہوں، کیا میں شہباز شریف سے سوال پوچھنے کی ہمت کر سکتا ہوں،مجھے ایک شہری کو ان لوگوں کو نامزد کرنے کا حق ہے جنہیں میں سمجھتا ہوں مجھ پر قاتلانہ حملوں کے ذمہ دار ہیں؟۔

اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں عمران خان نے کہا مجھے ایف آئی آر درج کرنے کےلئے قانونی و آئینی حق سے کیوں محروم کیا گیا؟ کیا شہباز شریف کے ٹوئٹ کا مطلب ہے افسر قانون سے بالاتر ہیں یا جرم نہیں کر سکتے؟ اگر الزام لگاتے ہیں ان میں سے کسی نے جرم کیا ہے تو ادارے کو کیسے بدنام کیا جا رہا ہے؟،عمران خان نے مزید لکھا پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت کے دوران وزیر آباد جے آئی ٹی کو سبوتاژ کرنے والا کون اتنا طاقتور تھا؟۔

کیا شہباز شریف بات کا جواب دے سکتا ہے 18مارچ کو میری پیشی سے پہلے شام کو اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس پر قبضہ کیوں کیا گیا؟ اہلکار سی ٹی ڈی اور وکلا ءمیں کیوں چھپے ہوئے تھے،مقصد کیا تھا اور ان لوگوںکا کمپلیکس میں کیا کاروبار تھا؟ جب شہباز شریف سچائی سے سوالوں کے جوابات دے سکتے ہیں تو سبھی اس کی طرف اشارہ کریں گے،عمران خان نے کہا طاقتور آدمی اور ساتھی سب قانون سے بالاتر ہیں، اب وقت آگیا ہے سرکاری طور پر اعلان کریں پاکستان میں صرف جنگل کا قانون ہے جہاں مائٹ اس رائٹ ہے۔

دریں اثناتحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے عمرا ن خان سے زمان پارک میں خصوصی ملاقات کی ،چودھری راسخ الٰہی بھی موجود تھے، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی ،انتقامی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، پی ٹی آئی کی قیادت نے کہا 90روز کی آئینی مدت گزر جانے کے باوجود پنجاب میں نگران حکومت کاوجود اور فسطائیت قابل مذمت ہے ۔

ملاقات میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی ،چیف جسٹس سمیت معزز عدلیہ سے بھرپور اظہار یکجہتی اورچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اعلان کردہ جلسوں و عوامی تحریک کیلئے بھرپور تیاریوں پر اتفاق کیا گیا۔

جبکہ اپنی ٹوئٹ میں تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا اسلام آباد پولیس کا ظلم عزم کو پختہ کرتا ہے،بدعنوان آئی جی کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت کی پولیس ایسے وقت میں تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاﺅن میں لگی ہے جب قومی انتخابات محض چند ماہ کے فاصلے پر ہیں۔