نوازشریف پاکستان آئینگے تو انتخابات ہوں گے: جاوید لطیف

لاہور (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف جب پاکستان میں ہوں گے تو الیکشن ہوں گے، جن کرداروں نے 2017 میں نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا تھا، ان کو بے نقاب کر کے چوکوں پر لٹکایا جائے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ جو کردار بے نقاب ہو رہے ہیں وہ یا ٹکٹیں بانٹ رہے ہیں یا سپوت کاری کر رہے ہیں، 2017 کی بے نقاب ہونے والی سازش افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہولت کاری کرنے والے کرداروں کو کھلا چھوڑا گیا تو مزید نقصان ہو گا، پاکستان میں ہونے والی سازشوں سے مخالف قوتوں کو فائدہ پہنچایا گیا۔ جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ آئین اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ پاکستان دنیا میں بدنام ہو؟ معیشت کا بیڑا غرق ہو جائے؟ کیا پاکستان کے اندر اگر سازش چلتی رہے گی تو انتشار کم ہوسکے گا؟ آئین کسی کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ آپ مجرموں کو تحفظ دیں؟ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ اداروں میں بیٹھے لوگوں کا نام لے کر وہ کہتا ہے فلاں مجھے قتل کرانا چاہتے ہیں، اس ادارے کی طرف سے بھی جواب آنا چاہیے، ایسے حالات میں آپ 10 انتخابات کرالیں، قومی یکجہتی پیدا نہیں ہو سکے گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جب تک آپ انصاف نہیں کریں گے، 2017 میں کی گئی سازش کا مداوا نہیں کریں گے، یکجہتی نہیں ہو سکتی، جس ادارے سے سہولت ختم ہو جائے آپ اس کو میر جعفر، میر صادق سے پکاریں، وقت آ گیا ہے کہ آج نہیں تو پھر کبھی نہیں، اگر آج بھی خاموشی رکھی گئی تو بڑھتا ہوا انتشار بڑھتا جائےگا۔