گوا(مشرق نیو)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے بھارت کو مذاکرات کےلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا،آئیے !سفارتی پوائنٹ سکورنگ کیلئے دہشت گردی کو ہتھیار بنانے میں نہ پھنسیں ،پاکستان کا کشمیر سے متعلق موقف واضح اور ٹھوس،پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،مقبوضہ وادی پر یکطرفہ فیصلے کرکے بھارت نے تعلقات کو نقصان پہنچایا،اگست 2019 کے بعد سے صورتحال یکسر برعکس ہے، دہشتگردی کو ختم کرنے کےلئے ملکر کام کرنا ہو گا،الزام تراشی سے کاو¿نٹرٹیرازم کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی،تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر گووا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے ایس سی او اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی میرے لیے اعزاز کی بات ہے،سی پیک سینٹرل ایشیائی ریاستوں کو راہداری تجارت کے لیے بہترین موقع فراہم کرتا ہے، پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کی کوششوں کا حصہ بننے کے لیے پرعزم ہے،بلاول بھٹو نے کہا معیشتوں میں رابطے کی کمی علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے،شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے سرحد پار دہشتگردی کے بیان پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے جواب دیتے ہوئے کہا آئیے سفارتی پوائنٹ سکورنگ کیلئے دہشتگردی کوہتھیاربنانے میں نہ پھنسیں،بلاول بھٹونے کہا پرامن اور مستحکم افغانستان اقتصادی تعاون اورعالمی امن و استحکام کی کنجی ہے، خطے کی عوام کی اجتماعی حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، بڑی طاقتیں امن سازی کے لیے کردارادا کرتی ہیں، لوگوں کیلئے تعاون اور اقتصادی مواقع دیتے ہوئے امن کے امکانات کھول سکتے ہیں،بلاول بھٹو نے مزید کہا سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ایس سی او مقاصد کیخلاف ہے، عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں، ریاستوں کے یکطرفہ اورغیر قانونی اقدامات کیخلاف ہیں،وزیر خارجہ نے کہا سب ممالک دیرینہ، تاریخی، ثقافتی، تہذیبی اور جغرافیائی رشتوں میں بندھے ہیں، پاکستان اصل شنگھائی سپرٹ میں موجود مشترکہ ترقی پر پختہ یقین رکھتا ہے، مشترکہ ترقی کا اصول علاقائی، اقتصادی روابط اورتعاون پاکستان کے وژن سے ہم آہنگ ہے، یوریشین کنیکٹیوٹی کا وژن اگلی سطح تک لے جانے کیلئے یہ اہم پلیٹ فارم ہو سکتا ہے، ہم ستمبر 2023 میں علاقائی خوشحالی کیلئے ٹرانسپورٹ کنیکٹیوٹی کانفرنس کی میزبانی کے منتظر ہیں،بلاول بھٹو نے کہاسمرقند اعلامیے نے خطے میں موثر راہداریوں اور قابل اعتماد سپلائی چینزکا مطالبہ کیا تھا، مشترکہ اقتصادی وژن آگے بڑھانے کیلئے اجتماعی رابطے میں سرمایہ کاری ضروری ہے،بعدازاں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاجہاں تک شنگھائی تعاون تنظیم کی بات ہے تو اس میں ہم بھرپور شرکت کررہے ہیں، میں نے یہاں تمام وزرائے خارجہ سے ملاقات کی ہے، سوائے ایک کے، جہاں تک بھارت اور پاکستان کے تعلقات ہیں، یہ کہنا ٹھیک ہوگا پیپلز پارٹی کا اصولی موقف ہمیشہ رہا ہے بھارت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لائیں،وزیر خارجہ نے کہا مقبوضہ کشمیر پر یکطرفہ فیصلے کرکے بھارت نے تعلقات کو نقصان پہنچایا،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور صدر زرداری نے اپنی طور پر کوششیں کیں بھارت کے ساتھ تعلقات نارملائز رہیں، تاہم اگست 2019 کے بعد سے صورت حال یکسر برعکس ہے، بھارت نے اس موقع پر نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی بلکہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی کی ہے،بلاول بھٹو زرداری نے کہابھارت نے اپنے غیر ذمہ دارانہ اقدامات سے ایسے حالات پیدا کردئیے ہیں وہ جماعتیں مثلاً پاکستان پیپلز پارٹی جو ہمیشہ سے تعلقات معمول پر لانے کی خواہش مند رہی ہے اب ہمارے لیے بھی یہ سپیس ختم ہو چکی ہے،یہی وجہ ہے پاکستان کا اصولی موقف ہے کہ اگر بھارت 4 اگست 2019 کی صورت حال پر واپس چلا جاتا ہے اور ایسا ماحول پیدا ہو جاتا ہے جس میں بات چیت ہو سکے تو یہ مثبت پیش رفت ہوگی،انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ،پاکستان کا موقف بالکل ٹھوس اور واضح ہے،اگست 2019 میں بھارت کے اقدام سے معاملات مشکل ہو گئے، مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کے اقدامات غیر قانونی ہیں،وزیر خارجہ نے کہا کانفرنس کے دوران کسی جگہ پر ایسا نہیں لگا پاک بھارت اختلافات کی وجہ سے فورم پر اثر پڑا ہو، بھارت کے عوام اور میڈیا کا جو بھی موقف ہو ہم بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن اس کیلئے بھارت کو سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا، امید ہے بھارت کھیلوں کے معاملے میں برے فیصلے نہیں کرے گا، کھیلوں کو سفارتی اختلافات سے متاثر نہیں ہونا چاہیے جس طرح میری آمد کو کور کیا گیا اس سے ظاہر ہوتا ہے پاکستان کی اہمیت زیادہ ہے،صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ہم تاریخ کے ہاتھوں یرغمال نہیں بنے رہیں گے، جو ہم سے پہلی نسلیں حاصل نہیں کر سکیں، وہ ہم حاصل کریں گے،کھیلوں کو سیاست کے ہاتھوں یرغمال بنائے رکھنا بھارت کی چھوٹی حرکت ہوگی۔
بھارت کو مذاکرات کےلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا:بلاول بھٹو
















