پاکستان اور سعودی عرب روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پر عملدرآمد کیلئے متفق
اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹومکہ پراجیکٹ کے معاہدے سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے معاہدے کو حتمی شکل دینے پراتفاق کرلیا گیا،سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ءسے سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے ملاقات کی ،جس میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت ہوئی،وزیر داخلہ اور سعودی سفیر کی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے معاہدے کو حتمی شکل دے کر اسے مکمل طور پر فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا،سعودی نائب وزیر داخلہ معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے،پراجیکٹ کے تحت حجاج کو آسان اور بلا رکاوٹ ایمگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی،منصوبے کا آغاز اسلام آباد ائیرپورٹ سے کیا جا رہاہے،اس سال چالیس ہزار حجاج اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ اس سہولت کا جلد دوسرے بڑے شہروں میں بھی آغاز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ حجاج اس سے فائدہ اٹھا سکیں،وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے استفسار پر سعودی سفیر کی جانب سے سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کیلئے ہرممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی،رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیںپاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔وزیر داخلہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔

















